اسلام آباد (مہتاب حیدر) معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے پابندی کے بعد پاکستان چھوڑنے اور سرمایہ کاری اٹھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ٹک ٹاک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کا مقصد تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور عوام میں خوشیاں بانٹنا تھا اور یہی کمپنی نے پاکستان میں کیا۔
تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو معاشی مواقع بھی فراہم کیے۔ تاہم، ہمیں اس بات پر افسوس ہے کہ ہماری سروسز ایک ہفتے سے زائد گزرجانے کے بعد بھی بحال نہیں ہوئی ہیں جسے پی ٹی اے نے بلاک کررکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے ہم نے حکومت پاکستان کی جانب سے اعتراضات دور کرنے کی کوششیں کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سے ہم مسلسل پی ٹی اے سے رابطے میں ہیں اور مقامی قوانین کی پاسداری اور ٹک ٹاک میں بہتری کے اقدامات کررہے ہیں۔ پی ٹی اے نے ہماری کوششوں کو سراہا ہے لیکن اس کے باوجود ملک بھر میں ہماری سروسز معطل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی اے سے سودمند مذاکرات کا مثبت نتیجہ سامنے آئے گا اور ہمیں ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا کہ ہم مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار کریں۔
ٹک ٹاک ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان کی متحرک آن لائن کمیونٹی اپنی تخلیقی صلاحیت اور ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے نہیں لاپار ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد پاکستان کے نوجوانوں سے دوبارہ رابطے بحال کرکے پاکستان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔