• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن معاہدہ، امریکہ اور طالبان کا اقدامات کا ازسرنو تعین کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) امریکہ اور طالبان نے رواں سال فروری میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طے پانیوالے معاہدے کی جزیات پر سختی سے قائم رہتے ہوئے اقدامات کا از سر نو تعین کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ بات امریکہ کے نمائندۂ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاداورافغان مذاکراتی ٹیم کے ترجمان ڈاکٹر نعیم وردگ نے ٹوئٹر پیغامات میں کہی، زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اسلئے کیا گیا ہے تا کہ افغانستان میں جاری تشدد میں کمی ہو سکے، اتفاق انکی اور افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل کی طالبان کے نمائندوں سے دوحہ میں ملاقاتوں کے دوران کیا گیا،انہوں نے اگرچہ وضاحت نہیں کی تاہم انکے بقول اقدامات کا مقصد افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں میں کمی لانا ہے،پر تشدد کارروائیوں میں عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں اور ان اقدامات کے دوبارہ تعین سے ہلاکتوں میں کمی ہو سکتی ہے،حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان میں پر تشدد حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے جس سے امن کوششیں متاثر ہو رہی ہیں، امریکہ اپنی ذمہ داری پوری کریگا اور دوحہ معاہدہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیتا رہیگا،تمام فریقین کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو نگی۔ دریں اثنا قطر میں واقع طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا کہ فریقین نے دوحہ معاہدہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا کہ اس پر بہتر طور پر کس طرح عملدرآمد کیا جا سکتا ہے، دونوں فریقین اس بات کو یقینی بنائینگے کہ معاہدہ پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔

تازہ ترین