• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان: لڑکی سے زیادتی میں ملوث 63 سالہ ڈاکٹر کو عمر قید و جرمانہ

ملتان (نمائندہ جنگ) ماڈل کوٹ برائے صنفی تشدد ملتان کے جج نے 17 سالہ لڑکی کو بے ہوش کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں 63 سالہ ڈاکٹر کو عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ملزم نے تیز بخار کی حالت میں آنیوالی لڑکی کو نشہ آور ڈرپ لگانے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، فاضل عدالت میں پولیس تھانہ سیتل ماڑی ملتان کے مطابق ملزم رب نواز ولد غلام محمد کے خلاف 17 سالہ (ث) نے 30 جولائی 2019 کو مقدمہ درج کرایا تھا جس کے مطابق متاثرہ لڑکی ڈاکٹر رب نواز کے پاس تیز بخار کی حالت میں چیک اپ کرانے گئی تھی جہاں ڈاکٹر نے اسے ایک کمرے میں لے جاکر ڈرپ لگادی جس میں نشہ آور دوا ملائی گئی تھی جس سے وہ بے ہوش ہوگئی۔ اس دوران ملزم نے اسے ہوس کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے تمام گواہوں اور ثبوتوں کی روشنی میں ملزم کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے عمر قید اور جرمانہ کی سزا سنادی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید قید بھگتنا ہوگی۔

تازہ ترین