• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شو ہے پاور نہیں، اپوزیشن کےکھیل سے نظام جاسکتا ہے کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، شاہ محمود، شبلی فراز

اپوزیشن کےکھیل سے نظام جاسکتا ہے کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، شاہ محمود


کراچی‘لاہور‘اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر ‘ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں‘ اپوزیشن کی نہ کوئی سمت ہے نہ کوئی پلان ‘ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو کھیل کھیل رہی ہے اس سے نظام تو رخصت ہوسکتا ہے لیکن کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا۔

عوام اپوزیشن کی سازش ناکام بنادیں گے‘معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل کہتے ہیں کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل 11جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے‘ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہاکہ بلاول بھٹوکا نوازشریف کی ملک دشمن تقریر سے دوری کا عندیہ خوش آئند ہے ‘ آئندہ چند ہفتوں میں اپوزیشن کا یہ غیر سیاسی اتحاد پارہ پارہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کے مطابق قوم نے نوازشریف کا ملک دشمن بیانیہ مسترد کردیاہے جبکہ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کہتے ہیں کہ ہر جگہ سے ناکامی کے بعد نواز شریف کو جمہوریت یاد آئی ہے، ان کا بیانیہ اب کہیں بکنے والا نہیں‘اب دھمکیاں کام نہیں آئیں گی ‘فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ آج کلبوشن کی جگہ نواز شریف نے لے لی ہے‘فوج پر الزام تراشی کرنے والے نواز شریف کو گھسیٹنے کے دن آگئے ہیں۔

وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان نے کہاکہ اگر نواز شریف کی زبان بند نہ ہوئی تو کھینچنی پڑے گی‘وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بقول پی ڈی ایم کے کراچی میں ہونے والے جلسہ کی قیادت ٹی ٹی پی کے دوست کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں ۔ 

اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی نہ کوئی سمت ہے نہ کوئی پلان اور نہ ہی انکے نظریات اور موقف ایک ہیں، ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، عوام کیلئے کچھ نہیں‘ ‏بابائے قوم کے مزارکو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔یہ محسن پاکستان کے مزار پر جاکر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹااورعوام کو کنگال کیا۔

دریں اثناءاتوارکو ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےاپوزیش پر واضح کیا ہے کہ اپوزیشن جو کھیل کھیل رہی ہے اس سے نظام تو رخصت ہوسکتا ہے لیکن کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا‘عوام اپوزیشن کی سازش ناکام بنادیں گے‘پی ڈی ایم غیروقتی ‘ غیر فطری اور غیر نظریاتی اتحاد ہے‘ گوجرانوالہ جلسے میں افواج پاکستان کے خلاف اپنایا جانے والا ایجنڈا کسی پاکستانی کا نہیں ہوسکتا‘ بلاول بھٹوبھارتی بیانیے کا حصہ نہ بنیں‘ بلاول مودی کے موقف کو توسیع دے رہے ہیں۔

آج وہ پرانے کھلاڑی پی ڈی ایم کے اسٹیج پر نظر آئے ہیں جنہیں عمرا ن نے کلین بولڈ کیا تھا۔بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ اب تیر کمان سے نکل چکا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ سندھ میں یہ تیر لوگوں کے سینے میں پیوست ہوگیا ہے ‘پیپلز پارٹی بھٹو اور بے نظیر کے نام سے ووٹ حاصل کرتی رہی لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اب بلاول کتنی بار دوبارہ وہی فلم چلائیں گے۔

ادھر کراچی میں وفاقی وزیرعلی زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسدعمر نے کہا ہے کہ دو ماہ پہلے نوازشریف کے بھائی اوران کی پارٹی کے لوگ این آر او مانگنے کے لئے پر تول رہے تھے‘ نواز شریف نے بیٹی اور اپنے لئے سیاسی بھیک مانگنے کے لئے ایلچی بھیجا تھا ‘جب ہرجگہ سے ناکامی ہوئی تو پھر نوازشریف کوجمہوریت یاد آگئی ۔نواز شریف ایک سزایافتہ مجرم ہیں ‘ آپ کے سوال پوچھنے کا وقت گزر چکا ‘اب آپ کو جواب دینے پڑے گا ۔

اس موقع پر علی زیدی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں میں ایک قدر مشترکہ ہے کہ سب کے پاس چوری کا مال ہے‘علاوہ ازیں اپنے بیان میں وزیرسائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے کراچی میں ہونے والے جلسہ کی قیادت ٹی ٹی پی کے دوست کررہے ہیں ۔ 

انہوں نے کہاکہ آج سے 13 سال قبل پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خود کش حملہ ہوا، جس میں بے نظیر بھٹو شہید کے قافلے کو ٹارگٹ کیا گیا 180 لوگ شہید ہو گئے اور 500 سے زیادہ لوگ ہاتھوں اور پاوں سے محروم ہوئے۔

اس دہشت گردی کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی، آج اسی جگہ پی ڈیم ایم کا جلسہ ہے اور قیادت ٹی ٹی پی کے دوست کر رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں فوادچوہدری کا کہناتھاکہ وزیراعظم سے عزت کرانا چاہتے ہیں توعزت کرنا بھی پڑیگی۔ نواز شریف ٹھکرائے جانے کابدلہ لے رہے ہیں‘اپوزیشن کی تحریک کے غبارے سے ہوانکل گئی ہے۔

چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ نواز شریف کا ملک دشمن بیانیہ قوم نے مسترد کر دیا، نواز شریف جس جمہوریت کے درخت کے سائے میں بیٹھے ہیں اسی کو کاٹتے ہیں یہ کون سا بیانیہ ہے‘جب جمہوریت کو پروان چڑھانے کا وقت آتا ہے تونواز شریف عوام کو تنہا چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حالات کی ستم ظریفی نے پیپلز پارٹی کو اپنے نظریات اور شہدا سے غداری اور بے وفائی پر مجبور کر دیا۔

اپنے بیان میں فیاض چوہان نے کہا کہ زرداری خاندان کے ذاتی مفادات نے بھٹو کے نظریات اور سیاسی فکر کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔بیگم صفدر بڑے غرور سے خود کو اور اپنے والد کو بڑا قرار دے رہی ہیں،آپ واقعی کرپشن، منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور جعلی اکانٹس کے ذریعے کھربوں ڈکارنے میں بڑی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے بلاول کی جانب سے نواز شریف کی ملک دشمن اور ریاستی اداروں کے خلاف بغض و عناد پر مبنی تقاریر سے دوری کے عندیے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ میری اطلاع کے مطابق پیپلز پارٹی نے جلسے میں نواز شریف کی تقریر نشر نہ کرنے کا موقف اپنایا ہے۔

بیگم صفدر اعوان اور محمود خان اچکزئی نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کے حوالے سے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ غیر متحدہ اپوزیشن میں یہ اختلاف بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا۔

ڈاکٹر شہبازگل نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل 11جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے‘دو دن پہلے گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کی سرکس ہوئی ‘جلسے کا اسٹیج سیکرٹری بڑا معصوم بناہوا تھا‘خرم دستگیرخان ابھی بھی سوئی سدرن گیس کا نادہندہ ہے، جبکہ ان کی لیڈر مریم نواز نااہل اور دو کالجزسے فیل ہوئی۔ شہباز گل نے کہا کہ ہماری آرمی ہے تو ہمارا دفاع ہے۔

دریں اثناءاتوارکو ایک بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ دو آسکر ایوارڈز تو آنکھیں بند کر پاکستان بھجوا دینے چاہئیں ‘ایک اپوزیشن لیڈر شوباز اور دوسرا وزیراعلی مراد علی شاہ صاحب کے لیے۔کبھی یہ لائیو ٹی وی پر بیٹھ کر نم آنکھوں کے ساتھ ہاتھ جوڑ کر فرماتے تھے خدا کے لیے لوگوں کا سوچیں سیاست نہ کریں اور اب موصوف بہ نفس نفیس جلسوں کا انتظام فرما رہے ہیں۔

ادھر ٹیکسلامیںگیس فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر جلسہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کےدوران وزیر برائے ہو ابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے وطن دشمن بیانات سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں، ان کی قسمت اچھی ہے کہ ابھی تک ادارے ان کے خلاف کو ئی ایکشن نہیں لے رہے‘نواز شریف کے ساتھ ان کی اولاد کو بھی وطن واپس لائیں گے، اگر نواز شریف کی زبان بند نہ ہوئی تو کھینچنی پڑے گی۔ 

مزیدبرآں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نوازشریف اب کلھبوشن نواز کی صورت میں سامنے آچکے ہیں‘ اس سے بڑا غداری کا کوئی ثبوت نہیں ہے‘دو سال سے چپ نانی آج کیوں بولنے لگی ہیں۔

خواجہ آصف نے حکومت سے نواز شریف کا متبادل بننے کی پیشکش کی ہے‘ آج کلبوشن کی جگہ نواز شریف نے لے لی ہے‘پیپلزپارٹی کے بیانیے سے بھارت نوازی کی بو نہیں آتی‘فوج پر الزام تراشی کرنے والے نواز شریف کو گھسیٹنے کے دن آگئے ہیں‘ جیسے ایم کیو ایم پاکستان بنی ہے ویسے مسلم لیگ ن پاکستان بنے گی۔

دریں اثناءمشیر برائے داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کا کردار90کی دہائی سے قوم کے سامنے ہے لیکن افسوس سپریم کورٹ، پارلیمان، قومی عسکری اداروں کے بعد اس کرپٹ ٹولے نے آج قائداعظم کے مزار کا تقدس بھی پامال کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کو اس حرکت پر قوم سے فوری معافی مانگنی چاہیے۔

تازہ ترین