بنوں( نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے ملک میں غدار بنانے کی فیکٹری بند کی جائے پاکستان میں کوئی غدار نہیں ہے، ہم سب پاکستانی اور محب وطن ہیں حکومت اور راولپنڈی والے غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کر دیں۔ پاکستان عوام کا ہے اور یہ دستور کے مطابق چلے گا۔سیاستدانوں کو سرے محل، لندن فلیٹس، اور پانامہ کے اکاؤنٹس کا حساب دینا ہوگا۔ سابق حکمرانوں کو چوری کے حساب سے بچنے کے لیے جمہوریت اور پارلیمنٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ پاک فوج کے شہداء ہمارے دل کے ٹکڑے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجی کلی بازار بنوں میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر ضلع پروفیسر اجمل خان اور اختر علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع لکی مروت کے امیر عزیز اللہ خان بھی موجود تھے۔