لندن (مرتضیٰ علی شاہ) میل کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے مقدمے میں الفاظ کے معنی کا تعین کرنے کیلئے سماعت کووڈ 19 کی صورت حال کے سبب 9نومبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ عدالت کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسٹر جسٹس جے مقدمے کی سماعت کریں گے، جس میں ایسوسی ایشن نیوز پیپرز لمیٹڈ اور شہباز شریف کے وکلا اپنے دلائل دیں گے۔ الفاظ کے معنی کا تعین کرنے کیلئے مقدمے کی سماعت 20 اکتوبر کو ہونا تھی لیکن عدالت پر مقدمات کے بوجھ کی زیادتی کے سبب تاریخ میں تبدیلی کردی گئی۔ میل آن سنڈے کے پبلشرز نے شہباز شریف کی جانب سے کئے گئے ہتک عزت کے مقدمے میں کم وبیش ایک سال گزر جانے کے باوجود ابھی تک اپنے دفاع میں کچھ پیش نہیں کیا۔ اے این ایل کے وکلا نے ڈیوڈ روز اور میل آن سنڈے کی جانب سے عدالت سے سماعت کی درخواست کی ہے۔ اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ روز نے کہا کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کے الفاظ کے معنی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت بھی شہباز شریف کے مقدمے کے ساتھ ہوگی۔ ڈیوڈ روز نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ہیلو پاکستان میں میرے دوستو، آپ میں سے بعض کے علم میں ہوگا کہ شہباز شریف کی جانب سے مجھ پر کئے گئے ہتک عزت کے مقدمے میں میرے آرٹیکل کے معنی کے تعین کیلئے اگلی سماعت، جو منگل کو ہونا تھی، اسے اب ملتوی کردیا گیا ہے اور اگلی سماعت 11 نومبر کو ہوگی، اس سماعت میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ شہباز شریف نے جن الفاظ پر اعتراض کیا ہے، وہ توہین آمیز ہیں یا نہیں؟۔ ہتک عزت کے مقدمات میں الفاظ کے معنی کا تعین کرنے کیلئے سماعت اس وقت کی جاتی ہے جب تنازعے کے فریقین الفاظ کے معنی پر متفق نہ ہوں، جس پر الفاظ کے معنی کاتعین کرنا عدالت پر چھوڑ دیا جاتا ہے، یہ مقدمے کی مکمل سماعت شروع کرنے سے قبل ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے۔