کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وفاقی وزیر اور رہنما ءمسلم لیگ ن خرم دستگیرنے کہاہے کہ ووٹ کی چوری کا دکھ اب ایک قومی نعرہ بن چکا ہے ‘ہم اپنے قائد کے ایک ایک لفظ کے پابند ہیں ‘تنقید ایک شخص پر کی گئی ہے پورے ادارے پر نہیں‘ رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ کا کہناہےکہ ہم پی ڈی ایم کے مقاصد کو Own کرتے ہیں ‘موجودہ حالات میں یا تو یہ ملک چلے گا یا پی ٹی آئی کی حکومت چلے گی دونوں ساتھ نہیں چل سکتےجبکہ وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فرازکہتے ہیں کہ گجرانوالہ جلسے کی ناکامی کا فیصلہ تو عوام نے کردیا ہے‘نواز شریف کا بیانیہ اپنی ذاتی دولت اورخاندان کو بچانے کے لئے ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جیو نیوزکے پروگرام جیو پارلیمنٹ میں میزبان ارشد وحید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خرم دستگیر کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے گوجرانوالہ جلسے کی ذمہ داری کامیابی سے پوری کردی ہے‘ اب کامیابی اور ناکامی کا فیصلہ کرنا عوام کا کام ہے ۔اس وقت ہم پر عوام دشمن اور ملک کی ترقی کی دشمن حکومت مسلط ہے ، حکومت تو جلسہ شروع ہونے سے پہلے بھی ناکام تھی اور جلسے کی کامیابی نے اسے مزید پیچھے کی جانب دھکیل دیا ہے ۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہمارامنشور ، جذبہ ، تحریک سب وہی ہے جو پی ڈی ایم کی ہے ۔ہم پی ڈی ایم کے مقاصد کو Own کرتے ہیں اور ان کے حصول کے لئے بھی ہماری سب کی منزل ایک ہے ۔