• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی، جھوٹا مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ

میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی، جھوٹا مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ 


کراچی / لاہور / راولپنڈی / پشاور ( اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ و جیو گروپ میر شکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری کو 220دن گزر گئے اور پیر کو بھی ان کی غیر قانونی گرفتاری کیخلاف کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، پشاور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، اس موقع پر میرشکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے نعرہ بازی بھی کی گئی اور مقررین نے حکومتی اقدام کو پاکستان میں صحافت کی بیخ کنی کے مترادف قرار دیا اور حکومت سے میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی اور جھوٹا مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقررین نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کی بلاجوازگرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، ہم کسی صورت جمہوریت اور آزادی صحافت پر حملہ کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جیسے جیسے وقت گزرتا جا رہا ہے میر شکیل الرحمان کے حوصلے مزید بلند ہوتے جا رہے ہیں کیوں کہ میر شکیل الرحمان بے قصور اور حق پر ہیں اور سچ کبھی بھی چھپایا نہیں جا سکتا۔انہیں پابند سلاسل کرکے صحافت کے خلاف جو سازش کرنے والوں کو کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔دوسری جانب میرشکیل الرحمن صحافی باپ کی صحافی اولاد ہے وہ حق اور سچ پر کسی قسم کی مصالحت اور سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تمام اکابرین میرشکیل الرحمن کی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، حکومت کو ان کو رہا کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار نے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، سینئر وائس چیئرمین کراچی ایپنک رانا محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ اقبال خاکسار نے کہا کہ ایک ایسے شخص کو جو حق اور سچ عوام کو بتا اور دکھا رہا ہے، اس کی گرفتاری سمجھ سے بالا تر ہے موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو سچ اور حق بتایا جائے نہ دکھایا جائے، ان کے کرتوت عوام کے سامنے نہ لائے جائیں، کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ عمران خان آج جتنا ظلم کرسکتے ہو کرلو، تم اپنی ظلم کی حکومت کو طوالت نہیں دلوا سکتے، عوام تمہارے عزائم سے آگاہ ہوچکے ہیں اور اب تمہارے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور کل تمہارا اختتام ہونے جارہا ہے تم پاکستان کی تاریخ میں دوبارہ وزارت عظمی حاصل کرنے کا صرف خواب ہی دیکھتے رہو گے۔ موجودہ حکومت کا میڈیا کے خلاف ظلم و جبر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، تم نے میڈیا کے کئی اداروں کو تباہ و برباد کردیا ہے لیکن اس کے باوجود تم میڈیا کو کنٹرول نہیں کرسکو گے۔

تازہ ترین