گلوکارہ میشا شفیع 4 سال بعد میوزک شو ’کوک اسٹوڈیو‘ کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔
رواں سال کوک اسٹوڈیو کا 13 واں سیزن جلد ٹی وی اسکرین پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
گلوکارہ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں اس شو کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی ہے۔
کوک اسٹوڈیو میں عارف لوہار کے ساتھ ’جگنی‘ گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی میشا شفیع نے اس سیزن میں بھی واپسی کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ کوک اسٹوڈیو 2020 میں واپس آرہی ہیں۔
واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے پر میشا شفیع کے خلاف ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔
لاہور کی سیشن عدالت کے جج یاسرعلی نے میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے میشا شفیع کی ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے میشا شفیع کے گواہوں کو 27 اکتوبر کو طلب کر لیا۔