• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی چھٹیاں مشکوک، بلاول ہاؤس کا اشارہ تھا، وفاقی وزراء


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے سندھ پولیس کے افسران کی چھٹیوں کو مشکوک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی شبہ ہی نہیں کہ سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئےجبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی حیثیت کیا ہے۔

انہیں وراثت کی وجہ سے پارٹی کی قیادت ملی ہے‘مریم نواز مہنگا لباس اور جوتے پہن کر بے نظیر نہیں بن سکتیں ‘بلاول بھٹو اور مریم نواز وارثتی سیاست کی پیداوار ہیں ‘ اداروں کو لڑانے اور نیچادکھانے کی سازش کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔

کراچی واقعہ پر آرمی چیف اور سندھ حکومت کی انکوائری رپورٹ پر سامنے آنے والی سفارشات پر سندھ حکومت کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس پر عمل درآمد کرائے ‘یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کراچی واقعہ میں سندھ حکومت کا اپنا ہی کردار ہو صرف کرپشن سے بچنے کے لئے اداروں کے ساتھ جنگ کا ماحول بنایا جارہا ہے‘ برطانوی حکومت کو سفارتی ذریعہ سے آگاہ کیا ہے کہ مجرم نواز شریف عدالتوں کو مطلوب ہے‘ میزبان ملک اسے پاکستان کے حوالے کرے۔

ماضی میں انہی سیاست دانوں سے آخری ٹھکانے کی وجہ سے برطانیہ ، امریکا سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مجرمان تبادلے کے معاہدے نہیں کیے ‘احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا‘عمران خان ملنگ آدمی ہیں ‘ ان کی حکومت میں بہت جلد تمام کرپشن زدہ لوگ اندر جائیں گے ‘ حقیقی اپوزیشن کا وجود ہی نہیں، پروڈکشن آرڈر ، قیادت کی کرپشن کو چھپانے والے حقیقت میں مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو اپنے بیان میں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏ اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں اور سازشیں ناکام بنانا ہوں گی۔کوئی شبہ ہی نہیں کہ سندھ پولیس کے افسران بلاول ہاؤس کے اشارے پر چھٹی پر گئے لیکن جب اومنی والوں کے سامنے لائن لگا کر کھڑے ہوتے تھے تو بھی اس طرح کا ردعمل ہوتا‘پاکی داماں کی یہ حکایت آگے بڑھی تو معاملات کھلیں گے۔ 

علاوہ ازیں بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم ملک کی بھلائی کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن جب دوسری جانب اپوزیشن کو دیکھتے ہیں تو ایک اسٹیج پر دیکھ کر بنارسی ٹھگوں کی یاد آ جاتی ہے۔

یہ بہروپیے ملک لوٹ کر اپنی دولت باہر منتقل کرتے رہے‘اپوزیشن شر اور وزیراعظم خیر کے بیانیے پر چل رہے ہیں‘ چالیس سال سے ملک میں بنارسی ٹھگوں کی حکومت تھی‘قوم ان سے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کا بدلہ لےگی‘اپوزیشن میں کوشش کی کہ اداروں کو آپس میں لڑایا جائے آئے۔

اپوزیشن دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، بھارتی خبروں اور چینلز پر ان کی تصویریں دکھائی جا رہی ہے، اپوزیشن کو علم نہیں کہ وہ کس آگ سے کھیل رہے ہیں۔اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے انہیں منطقی انجام تک پہنچاناہوگا ‘وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ آپ باہربیٹھ کربزدلوں کی طرح تقریرکرتے ہیں لیکن ملک واپس نہیں آنا چاہتے ۔ 

مریم نوازنے خودکوبےنظیر سمجھ لیاہے،بےنظیرپڑھی لکھی خاتون تھیں، مہنگا لباس اور جوتے پہن کر بے نظیر نہیں بنا جاسکتا ‘بعض لوگوں نے سندھ کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے حقیقت میں ایسا نہیں ہے‘ پولیس میں کریمنل افراد کو بھرتی کیا گیا ،ان لوگوں نے جمہوریت کی پیٹ میں چھراگھونپا۔

تازہ ترین