• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارنم ہسپتال میں چھاتی سے متعلق آگاہی واک اور سیمینار

پشاور(نمائندہ خصوصی )ارنم ہسپتال پشاور میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کیلئے ایک واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس واک اور سیمینار میں کثیر تعداد میں خواتین اور حضرات نے شرکت کی۔ اس تحریک میں ارنم پشنٹس ویلفئیر سوسائیٹی، پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن، خیبر پختونخوا کا اشتراک شامل رہا۔ واک اور سیمینار کے مہمان خصوصی ڈاکٹر شیر محمد خان تھے جو صوبے میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے اولین معالجین میں سے ہیں۔ آگاہی واک ارنم سے شروع ہوکر سر صاحبزادہ عبدلقیوم آڈیٹوریم پہ اختتام پذیر ہوئی۔سیمینار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیرکٹر ارنم ڈاکٹر عاکف اللہ خان نے اعداد وشمار کے حوالے دے کر کہا کہ اگر چہ آگاہی کی مہمات زور و شور سے جاری ہیںلیکن بریسٹ کینسر سے اموات کی شرح اب بھی پاکستان میں بہت زیادہ ہے۔ جس کی وجہ ملکی اور صوبائی سطح پر کسی بھی ایسی پالیسی کا فقدان ہے جو ان خواتین پر توجہ دے جن میں چھاتی کے سرطان کا امکان اور لوگوں سے زیادہ ہے۔ ڈاکٹر عاکف نے مزید کہا ملک میں میموگرافی کی سہولیات انتہائی ناکافی ہیں۔ اسکےلئے ھمیں ضلعی سطح پہ کم از کم ایک ایک بریسٹ کیئر کلینک کا بندبست کرنا ہوگا۔ اور اگر ارنم یا پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی خدمات درکار ہوئیں تو وہ بھی مہیا کی جائیں گی ۔ پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن خیبر پختونخو کی صدر نے ان اقدامات کا ذکر کیا جو اس سلسلے میں سیاسی اور سماجی سطحوں پر کئے گئے ہیں- اس ضمن میں انہوں نے ان قرارداوں کا بھی حوالہ دیا جو صوبائی اسمبلی میں مشترکہ کاوشوں سے پاس کی گئیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ریاض تنولی پروگرام ڈائیرکٹر صحت سہو لت پروگرام نے بتایا کہ بریسٹ سکرینگ کو بھی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے اور صحت سہولت پروگرام کا دائیرہ کار اب کے پی کی کل آبادی تک بڑہایا جا رہا ہے۔ معروف پشتو ثقافتی گلوکارہ لیلی خان نے بھی حاضرین کو جلد علاج کے بارےترغیب دی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر شیر محمد خان نے تاریخی حوالے دے کر کینسر کے علاج کی مد میں ارنم کے درخشاں کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نےبھی مزید میموگرافی یونٹ لگانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔تقریب کے اختتام پہ ڈاکٹر جواد گیلانی نے تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے شرکاء بعد میں اسلامیہ کالج گئے جہاں اسلامیہ کالج کے اساتذہ اور ارنم کے سٹاف کے مابین دوستانہ میچ کھلا گیا۔ میچ کے اختتام پہ مہمان خصوصی سکواش لیجنڈ جان شیر خان نے جیتنے والی ٹیم اور دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
تازہ ترین