بالی وڈ کو بے شمار سُپر ہٹ فلمیں دینے والی نامور بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے لیے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے اُن دنوں کو یاد کیا ہے جب یہ دُنیا عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ تھی۔
بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا جو کہ اس وقت انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے دبئی میں موجود ہیں اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے ہمراہ ایک خوبصورت سیلفی پوسٹ کی ہے جس میں اداکارہ اپنے شوہر کے گال پر بوسہ دیتی نظر آرہی ہیں جبکہ اُن کے شوہر حیرت زدہ انداز میں کیمرہ میں دیکھ رہے ہیں۔
پریتی زنٹا نے اپنے شوہر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ دن یاد آتے ہیں جب وبائی امراض صرف تاریخی کتابوں تک ہی محدود تھا۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’اُس وقت ہماری زندگی محفوظ اور صحت مند ہوا کرتی تھی، اور ہم بنا کسی خوف کے آزاد پرندوں کی طرح باہر گھومتے پھرتے تھے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ وہ دن واپس آجائیں۔‘
واضح رہے کہ پریتی زنٹا اپنے شوہر کے ہمراہ لاس اینجلنس میں مقیم ہیں لیکن آج کل وہ انڈین پریمیئر لیگ کے باعث اپنے شوہر سے دور دبئی میں موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُنہیں اپنے شوہر کی یاد ستا رہی ہے۔
31 جنوری 1975 کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں پیدا ہونے والی پریتی زنٹانے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1998 میں فلم ’دل سے‘ میں معاون اداکارہ کی حیثیت سے کیا اور ہیروئن کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم ’سولجر‘ باکس آفس پر بے حد کامیاب رہی۔
2010 میں پریتی کی فنی اور انسانی فلاح و بہبود کی خدمات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نواز جاچکا ہے۔
تین برس قبل پریتی زنٹا امریکی مالیاتی تجزیہ کار جین گْڈ ایوف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔