• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں ہفتے 14اشیاء مہنگی،11سستی اور 26کی قیمتیں برقرار رہیں

ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 11 کی قیمتوں میں کمی اور 26 اشیا ء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

حکومت کی طرف سے مہنگائی کنٹرول کرنے کے اقدامات کے حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں صفر اعشاریہ 23 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ دودھ، دال مسور، ایل پی جی سلنڈر، ٹماٹر، آلو اور انڈے مہنگے ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی میں کمی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہوئی ہے۔


ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 2 اعشاریہ 8 روپے اور آلو صفر اعشاریہ 69 پیسے مہنگے ہوئے ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 9 روپے 62 پیسے مہنگا ہوا جبکہ تازہ دودھ کی فی لٹر قیمت میں 51 پیسے کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق دال مسور کی قیمت میں صفر اعشاریہ 72 پیسے فی کلو اور انڈے صفر اعشاریہ 58 فیصد فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بریڈ، دہی سمیت 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 47 پیسے، چکن پر فی کلو 2 روپے 97 پیسے اور گندم کے 20 کلو کے تھیلے پر 13 روپے 76 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 39 پیسے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 32 پیسے کی کمی رونما ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال چنا، دال ماش، کیلے سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ اس دوران گوشت، نمک، مرچ، گھی سمیت 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تازہ ترین