• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹماٹر، آلو، چائے سمیت14 اشیاء مہنگی، پیاز، مرغی، آٹا، چینی سستی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) ملک میں رواں ہفتے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ٹماٹر ، آلواور چائے سمیت 14اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 26اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ،رواں ہفتے ملک بھر میں مہنگائی میں 0.23فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو آف شماریات کےجاری اعداد وشمار کے مطابق احساس اشاریوں کے مطابق رواں ہفتے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں مہنگائی میں 0.23فیصد کمی ہوئی۔

جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر کی قیمت میں 1.57فیصد ، تیار شدہ چائے کی قیمت میں 1.43فیصد اور آلو کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ہوا، دیگر اشیاء میں ایل پی جی سلینڈر میں 0.73فیصد ، چاول 0.56فیصد ، بریڈ 0.52فیصد ، تازہ دودھ کی قیمت میں 0.49فیصد، دال مسور 0.45فیصد ، انڈے 0.31فیصد اور دہی میں 0.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جن اشیاء کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ان میں پیاز 4.75فیصد ، مرغی 1.49فیصد ، گندم کا آٹا 1.31فیصد ، گڑ 1.26فیصد ، دال مونگ 1.03فیصد ، کیلے 0.44فیصد ، چینی 0.39فیصد کمی ہوئی۔

گزشتہ برس اکتوبر کے تیسرےہفتے کی قیمتوں کے مقابلے میں رواں برس جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں مرچ پائوڈر86.31فیصد، آلو 54.44فیصد ، انڈے 45فیصد ، ٹماٹر 35.49فیصد ، چینی34.42فیصد، دالوں میں اوسط اضافہ 32فیصد، مرغی 19.49فیصد ، گڑ18.55فیصد ، واشنگ صابن18.49فیصد، ویجیٹیبل گھی 17.14فیصداضافہ ہوا جبکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں جن مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ڈیزل کی قیمت میں 18فیصد ، ایل پی جی 9.13فیصد، پیٹرول 8.11فیصد ، پیاز 7.82فیصد اور بجلی کی قیمت میں 7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین