ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
مسلم ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی علی عمران کو فوری بازیاب کرایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ڈرا دھمکا کر آواز بند کردی جائے گی لیکن یہ نہیں ہوسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیے بغیر میڈیا آزاد نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو 15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔
مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ اس سے قبل نہیں ہوا، شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔