وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے امید کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ علی عمران سید جلد اپنی فیملی اور دوستوں سے ملیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی پر کہا کہ امید کرتا ہوں علی عمران سید جلد اپنی فیملی اور دوستوں سے ملیں ۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لیا ہے ، ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہاکہ رپورٹر علی عمران کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو14 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔
مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ اس سے قبل نہیں ہوا، شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔