• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور صحافی کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سچل نے رپورٹر علی عمران سید کے گھر جاکر ان کے بھائی اور دیگر عزیز و اقارب سے واقعہ کی تفصیلات حاصل کی ہیں اور مقدمے کے اندراج کی کارروائی کا آغاز کیا۔

پولیس کی جانب سے مقدمہ نمبر 1006 اغواء سمیت دیگر دفعات کے تحت علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ’جیو نیوز‘ کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے تیار ہیں۔


پولیس چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ علی عمران سید کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔

مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ اس سے قبل نہیں ہوا، شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

تازہ ترین