• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی تھریٹ نہیں ہے، جلسہ تو ضرور ہوگا، مولانا فضل الرحمان


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کوئی تھریٹ نہیں ہے، اگر ہے تو یہ حکومت کی ذمےداری ہے، ہمیں تو جلسہ کرنا ہے، جلسہ تو ضرور ہوگا، یہ کارواں تھمے گا نہیں، اس کی لہریں ساحل پرجا کر دم لیں گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کا پی ڈی ایم کا جلسہ ایک بڑا جلسہ ہوگا، ہم نے اس نالائق حکومت کو گھر بجھوانا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسے سے متعلق کوئی تھریٹ نہیں ہے، اگرتھریٹ ہو بھی تو ہمیں کوئٹہ میں جلسہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم  کے قائدین کے اپنے اپنے شیڈول ہیں، کسی لیڈر کے نہ آنے سے اتحاد پر فرق نہیں پڑے گا۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت 2 سالوں سے نااہلی کا مظاہرہ کر رہی ہے، یہ ایک ناجائز، نااہل اور نالائق حکومت ہے جسے مسلط کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی دو سال کی نااہلی اور ناکامی پر عوام سراپا احتجاج ہیں، عوام کا کرب اور چیخ و پکار حکومت تک نہیں پہنچ رہی تو یہ بہرے ہیں۔

سر براہ پی ڈی ایم نے کہا کہ جمہوریت کا یہ کاررواں تھمے گا نہیں، آگے بڑھتا ہی رہےگا۔

تازہ ترین