• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہیش بھٹ کا لووینا لودھ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ

سنگین الزامات کی زد میں آئے بھارت کے تجربہ کار فلمساز مہیش بھٹ نے 29 سالہ اداکارہ لووینا لودھ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا۔

وِشیش فلمز کے سوشل میڈیا پیج پر مہیش بھٹ کی قانونی ٹیم نے بیان جاری کیا، جس میں لووینا لودھ کے سنگین الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

قانونی ٹیم نے اپنے موکل مہیش بھٹ کے خلاف لووینا لودھ کے ہراسانی اور دھمکیوں سمیت دیگر الزامات کو مسترد کردیا اور اداکارہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔


قانونی ٹیم نے لووینا لودھ کی جمعہ کے روز انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تقریباً 2 منٹ کی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس طرح کے الزامات نہ صرف جھوٹے اور ہتک آمیز ہیں بلکہ اس کے سنگین قانونی نتائج بھی ہیں، ہمارے موکل مشورے کے مطابق قانونی کارروائی کریں گے‘۔

گزشتہ روز لووینا لودھ نے مہیش بھٹ پر کئی سنگین الزامات عائد کیے تھے اور انہیں بالی ووڈ کا سب سے ’بڑا ڈان‘ قرار دیا تھا، ساتھ ہی ڈرگ اسمگلنگ اور اداکاروں کے منشیات کے عادی ہونے کا پنڈورا باکس بھی کھول دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں مہیش بھٹ کے بھتیجے سُمت سبھروال کی بیوی ہوں، میں نے شوہر سے طلاق کی درخواست دے رکھی ہے۔

لووینا لودھ نے طلاق لینے کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا شوہر کئی اداکاروں کو منشیات فراہم کرتا ہے، سُمت سبھروال کی تمام حرکتوں سے مہیش بھٹ بخوبی واقف ہیں۔

اداکارہ نے مہیش بھٹ کو فلم نگری کا سب سے ’بڑا ڈان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ کا پورا سسٹم چلاتا ہے، اگر آپ اس کے قوانین پر عمل نہیں کرتے تو یہ آپ کی زندگی مشکل بنادیتا ہے، اور کام سے نکلواکر کئی زندگیاں برباد کرچکا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ جب سے میں نے مہیش بھٹ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے تب سے وہ مجھے دھکمیاں دے رہا ہے اور میرے گھر میں داخل ہونے اور مجھے بے دخل کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

لووینا لودھ نے اپنے یا اپنی فیملی کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے پر مہیش بھٹ، مکیش بھٹ سُمت سبھروال، ساحل سہگل اور کم کم سہگل کو قرار دیا۔

یاد رہے کہ مہیش بھٹ کا نام اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کی تحقیقات کے دوران بھی سامنے آیا تھا۔

تازہ ترین