• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: پڑوسیوں نے مار پیٹ کے بعد 15 سالہ لڑکی کو چھت سے پھینک دیا

بھارتی ریاست اترپردیش (یو پی) میں 3 پڑوسیوں نے 15 سالہ لڑکی کو ہراساں کیا، اس کے ساتھ مار پیٹ کی اور پھر اسے چھت سے پھینک دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش میں خواتین پر مظالم کی متعدد اطلاعات گردش میں ہیں تاہم اس دوران ایک 15 سالہ بچی کو ہراساں کرنے، پیٹنے اور چھت سے پھیکے جانے کا واقعہ بھی رونما ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ریاستی دارالحکومت لکھنو سے 300 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ضلع میو میں 15 سالہ لڑکی کے ساتھ رونما ہونے والے اس دردناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ 15 سالہ لڑکی کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ گھر لوٹ رہی تھی، اس موقع پر 3 پڑوسیوں نے لڑکی پر حملہ کیا اور اسے عمارت کی چھت سے پھینک دیا۔


لڑکی واقعے میں شدید زخمی ہوئی، جو ڈسٹرکٹ اسپتال اعظم گڑھ میں زیر علاج ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس کو واقعہ کی اطلاع 23 اکتوبر کو ہی دے دی گئی تھی، لڑکی کو ہراساں کرنے، پیٹنے اور چھت سے پھینکنے میں ملوث عناصر گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

بچی کے والدین کی طرف درج کروائی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں ملزمان ان کی بیٹی کو گھسیٹ کر عمارت کی چھت پر لے گئے اور لڑکی جانب سے مزاحمت پر اسے چھت سے نیچے پھینک دیا۔

پولیس افسر سُشیل دھول کے مطابق متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ملزمان نے اسے مارا اور پیٹا بھی ہے۔

علاوہ ازیں زخمی لڑکی نے تینوں ملزمان کی ان کے ناموں سے شناخت بھی کی ہے۔

دھول نے مزید کہا کہ لڑکی کے بیان کی روشنی اور لواحقین نے شکایت پر حملہ کرنے اور چھیڑ چھاڑ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور تینوں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر اس کیس میں مزید دفعات کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اتر پردیش میں حالیہ دنوں میں خواتین سے جرائم کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں، جس پر اپوزیشن نے وزیراعلیٰ یوگی ادیتیاناتھ کو مورد الزام ٹھہرایا، جن کی حکومت خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔

تازہ ترین