• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد الدین اویسی کا آر ایس ایس چیف موہن بھگوت کو کرارا جواب

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور جنوبی ریاست حیدر آباد دکن سے لوک سبھا کے رکن مولانا اسدالدین اویسی نے  کہا ہے کہ ہم بچے نہیں ہیں کہ کوئی ہمیں دھوکا دے سکے، بی جے پی ہمیں لفظوں کے ہیر پھیر سے بے وقوف نہیں بناسکتی۔

انھوں نے کہا کہ ہم خوب جانتے ہیں کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور نان ریذیڈنٹ انڈین کا مطلب کیا ہوتا ہے۔

انھوں نے یہ باتیں انتہا پسند ہندو تنظیم اور حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی نظریاتی طور پر آبیاری کرنے والی تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت کی ایک تقریر کے جواب میں کہیں۔

یاد رہے کہ موہن بھگوت نے آج ناگ پور میں ہندو تہوار دسہرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کسی مخصوص مذہبی کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے۔


انھوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن جو لوگ اسکی مخالفت کر رہے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ پروپیگنڈہ کر کے اس کے ذریعے ہمارے مسلمان بھائیوں کو گمراہ کریں اور یہ غلط تصور پھیلائیں کہ اسکا مقصد مسلمانوں کی آبادی کو محدود کرنا ہے۔

مولانا اسدالدین اویسی نے آر ایس ایس چیف کو اپنے مخصوص انداز اور کرارے جواب میں کہا کہ اگر یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے تو پھر اس قانون میں سے مذہب سے متعلق تمام شقیں اور ریفرنس ہٹادیئے جائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس کے خلاف بار بار احتجاج کریں گے، اور اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ ایسے قانون موجود رہیں گے، جن میں کہ ہمیں اپنا بھارتی شہری ہونا ثابت کرنا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر اس قانون کے خلاف احتجاج کرینگے جس میں شہریت کی بنیاد مذہب ہو۔

اسد الدین اویسی نے اپوزیشن جماعت کانگریس، آر جے ڈی اور دیگر جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہم اپنے احتجاج کے دوران آپکی خاموشی کو نہیں بھولے ہیں۔

اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ  جب بی جے پی کے لیڈر بہار کے علاقے سیمنچل کے لوگوں کو گھس بیٹھیے کہہ رہے تھے تو کانگریس، آر جے ڈی اور دیگر اپوزیشن والے خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے۔

تازہ ترین