کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں سمیت کوچز کو فٹ رکھنے اور ٹریننگ دینے کیلئےآسٹریلیا کے فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری سے معاہدہ کرلیا ہے، جو اگلے ماہ پاکستان آئینگے ۔ فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں فزیکل فٹنس کا فقدان ہے جس سے چھٹکارا پانے کیلئے ہم نے غیر ملکی ٹرینر سے معاہدہ کیا ہے۔ ان کی ہدایات پر کھلاڑیوں کو ایڈوانس ٹریننگ کیلئے آسٹریلیا بھی بھجوایا جائیگا تاکہ ہمارے جونیئر کھلاڑی عالمی معیار کے مطابق اپنی فٹنس حاصل کرسکیں ۔