• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ خاکے، پاکستان کا شدید احتجاج، فرانسیسی سفیر کی طلبی، میکرون کے بیان کی مذمت، پارلیمنٹ، بلوچستان اور پختونخوا اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

گستاخانہ خاکے، پاکستان کا شدید احتجاج، فرانسیسی سفیر کی طلبی


کوئٹہ ‘اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی مسلسل ترویج اور فرانسیسی صدر کے غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کے خلاف بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں جبکہ پاکستان میں فرانس کے سفیر کو پیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے حال ہی میں بعض غیر ذمہ دار عناصر کی جانب سے گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے اور قرآن پاک کی بیحرمتی کے واقعات پر شدید احتجاج اورصدرمیکرون کے بیان کی مذمت کی گئی۔

فرانسیسی سفیر پر زور دیا گیا کہ اس طرح کی غیر قانونی اور اسلامو فوبیا کی کارروائیوں سے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ 

فرانس کے سفیر کو بتایا گیا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر اس طرح کے اقدامات کو جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ سفیر کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان تنگ نظری اور سیاسی فوائد کے لئے اسلام کو دہشت گردی سےجوڑنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ 

اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات اور اقدامات بین المذاہبی منافرت ، دشمنی اور محاذ آرائی کو فروغ دینے باعث بنتے ہیں، جس کے نتیجے میں معاشرے کے مختلف طبقات کے مابین امن اور ہم آہنگی کیلئے کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ 

اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی جذبات یا مذہبی عقائد کو ٹھیس یا نقصان پہنچانے اور مذہبی منافرت کے لئے آزادی اظہار رائے کا غلط استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ 

تازہ ترین