لاہور (نمائندہ خصوصی) ۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام مسلمان ممالک فرانس کا بائیکاٹ کریں تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی حرکت نہ کرسکے، خبردار رہنا چاہئے کہ مسلمان کبھی بھی خاتم النبین حضرت محمد رسول اللہﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، فرانسیسی صدر مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں ورنہ ان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، او آئی سی (OIC) کا اجلاس فوراً بلایا جائے اور زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ توہین آمیز خاکے عالم اسلام کی تضحیک ہے، فرانسیسی صدر کا بیان انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے مترادف ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے امیدوار برائے صدر سپریم کورٹ بار عبداللطیف آفریدی اور امیدوار برائے سیکرٹری احمد شہزاد فاروق نے ملاقات کی،ملاقات میں چودھری پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں صدر اور سیکرٹری کی حمایت کا اعلان کیا۔