اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہاہے کہ ایوان کا ہر رکن محب وطن ہے ‘ہمیں انڈین ایجنٹ کہنے پر وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی معافی مانگیں ‘غدار وہ ہیں جنہوں نے کشمیریوں کا سودا کیا اور اب ہم پر غداری کا الزام لگاتا ہے‘ہم اس کی زبان پکڑیں گے جو ہماری پاکستانیت کو للکارے گا۔پیر کو قومی اسمبلی میں احسن اقبال نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے پڑھی گئی قرار داد کو انگریزی کا مقالہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ نے تھیسس پڑھ دیا ‘اس قرار داد میں کوئی قابل عمل بات نہیں ہے‘اب اندازہ ہوا کہ عالمی سطح پر پاکستان سفارتی طورپر تنہا کیوں ہے کیونکہ تھیسز کے بجائے دو حرفی بات ہونی چاہیے تھی کہ توہین ہوئی ہے‘ہم فرانس سے سفیر واپس بلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ہمیں بھارت کا ایجنڈ قرار دیا جس پر وہ معافی مانگیں۔ہم اس کی زبان پکڑیں گے جو ہماری پاکستانیت کو للکارے گا۔ میں پاکستانی ہوں اور میں کسی کو حق نہیں دوں گا کہ وہ مجھے بھارت کا ایجنٹ قرار دے ، ایوان میں اپوزیشن کے جتنے لوگ بیٹھے ہیں وہ محب وطن پاکستانیوں کے ووٹ لے کر آئے ہیں ۔