• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار نہیں سیکرٹری خزانہ وقار مسعود سے ملاقات ہوئی تھی،پاناما کے وزیر کی وضاحت

 اسلام آباد (آئی این پی، اے پی پی) پاناما کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اسحاق ڈار سے نہیں بلکہ سیکرٹری خزانہ وقار مسعود سے ملاقات ہوئی تھی۔ اتوار کو پاناما کے نائب وزیر خزانہ آئیون زرک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے نہیں بلکہ پاکستان کے سیکرٹری خزانہ وقار مسعود سے واشنگٹن میں ملاقات ہوئی تھی۔دریں اثناء  امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان نے بھی ان میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزارتی سطح کے وفد نے پاناما کے وفد سے کوئی ملاقات نہیں کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سےGlobal Connect Initiativeکے موضوع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں پاکستانی وفد اور پاناما کے وفد کے ساتھ ساتھ بیٹھنے کی وجہ دراصل حروف تہجی کے اعتبار سے نشستوں کی ترتیب تھی۔ ترجمان کے مطابق چونکہ دونوں وفود ایک دوسرے کے قریب بیٹھے تھے اس لیے دونوں کے مابین خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ ہوا لیکن دونوں وفود کی توجہ اجلاس کی کارروائی پر مرکوز تھی۔ترجمان نے وضاحت کی کہ اس موقع پر کوئی سرکاری سطح کی چیز نہیں ہوئی کیونکہ یہ ملاقات شیڈول میں ہی نہیں تھی چنانچہ اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے غلط اظہار پر مبنی ہیں۔
تازہ ترین