• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک صدر کی عوام سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

انقربر (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر عوام سے فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ عرب ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم زوروں سے جاری ہے اور سپر مارکیٹس سے فرانسیسی مصنوعات بھی ہٹائی جا رہی ہیں جبکہ پاکستان، سعودی عرب، کویت، اردن، قطر، لیبیا، شام اور فلسطین میں فرانس کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔ پیر کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکی میں فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے، فرانس سمیت کچھ یورپی ممالک فاشسٹ بن چکے ہیں، فرانس جرمن نازیوں کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ یورپ میں وہی سلوک روا رکھا جا رہا ہے جو دوسری جنگ عظیم سے پہلے یہودیوں کے ساتھ تھا۔ رجب طیب اردوان نے کہا کہ یورپی ممالک فرانسیسی صدر کی سربراہی میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم روکیں۔ انہوں نے جرمنی اور آسٹریلیا میں مساجد میں حملوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے پوچھتا ہوں کہ مذہبی آزادی کے حوالے سے انہوں نے جو دعویٰ کیا تھا وہ کہاں ہے، کیا آپ نے کبھی ترکی میں ایسی چیز دیکھی ہے، نہیں کیونکہ یہاں پر رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو حقیقی آزادی حاصل ہے۔
تازہ ترین