• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم سیاہ، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، اسلام آباد میں علامتی بلیک آؤٹ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی


اسلام آباد،سری نگر( نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں ) جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا،اسلام آباد میں علامتی بلیک آئوٹ کیا گیا، بھارتی قبضے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی، اسلام آباد میں اقوام متحدہ دفتر اور بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،کشمیروں کے جائز موقف پر ڈٹے رہینگے،شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی کا حق ملنا چاہیے ،پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم کو روکنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، مقبوضہ جموں وکشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کے غیر آئینی و جبری تسلط اور کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے اسلام آباد کی اہم ترین شاہراہ دستور سمیت دیگر جگہوں پرعلامتی بلیک آؤٹ کیا گیا، لائٹس بند ہونے پر شاہراہ دستور تاریکی میں ڈوب گئی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر، وزارت خارجہ، سپریم کورٹ، وزیراعظم سیکرٹریٹ، پارلیمنٹ ہاؤ س کی لائٹس بند کی گئیں، یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال جبکہ پاکستان اور آزادکشمیر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی قبضے کیخلاف احتجاجی ریلیاں، سیمینار، مظاہرےاور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر اور بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکاء”کشمیر بنے گا پاکستان“” گو انڈیا گو بیک“ " ٹیرراسٹ ’’ٹیرراسٹ‘‘ انڈیا ٹیرراسٹ "کے نعرے لگاتے رہے۔

مظاہرے کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے،جن پر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے،پی ٹی آئی شعبہ خواتین آزاد جموں کشمیر کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

مظفرآباد میں یوم سیاہ کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس سے وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب کیا جبکہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں اہم تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی ،پاکستانی قیادت نے کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا وہ کشمیر کا تصفیہ کروائے۔

پاکستانی قیادت نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آزادی ملنے تک کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے،یوم سیاہ کے دوران انڈیا کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم جاری رہے ، جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کے باہر حریت رہنمائوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جو کچھ کرنا چاہتا ہے کرلے لیکن کشمیری اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، ، دفتر خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نےکہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی قابض افواج نے کشمیر کے خلاف ایک جعلی الحاقی دستاویز پر جارحیت کی، شہریار آفریدی نے کہا کہ آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی دہشتگردی پوری دنیا کو چیلنج کر رہی ہے،ذمہ دارانہ آوازوں کو اس دنیا کو بچانے کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔

شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق ملانا چاہیے، عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے بھارتی جرائم جاری ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے مظفرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیر یت کو ترجیح دینا ہو گی ،علاوہ ازیں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کسی صورت بھی مظلوم کشمیریوں کے جائز حق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، شبلی فراز نے کہا کشمیریو ں کی حمایت جاری رکھیں گے ،بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی مظالم کو روکنا ہوگا،کشمیر کی آزادی تک دنیا کا ضمیر جھنجھوڑتے رہیں گے، شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور استحصال پر اپنا کردار ادا کرے۔

تازہ ترین