لاہو(نمائندہ خصو صی)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اللہ کا ہے اس میں خان ،نواب اور سرماےہ دار کا نظام نہیں قرآن کا قانون چلے گا۔حکمرانوں اور اہل اقتدار کی چرائی ہوئی دولت ہمیں معلوم ہے وہی دولت واپس لے کر غربت کا خاتمہ کریں گے۔ملک کو سیکولر بنانے کی بات کرنے والوں کے بچے بیرون ملک رہتے ہیں اور ڈالروں میں پل بڑھ رہے ہیں وہاں پر اربوں ڈالر کاکاروبار کرتے ہیں۔ وہاں پرسیکولرازم ہے ےہ لوگ بھی وہاں چلے جائیں۔ ہمارے عوام نے تحریک پاکستان کے دوران اسلامی پاکستان کو ووٹ دیا تھا جس روز چیف جسٹس کے ہاتھ میں قرآن آئے گا میں سمجھوں گا ہمیں حکومت ملی ہے۔وہ اتوار کے روز ڈگر کالج گراؤنڈ سواڑی ضلع بونیر میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔جلسہ سے صوبائی امیر مشتاق احمد خان، صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمان،سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہاں خان، رکن قومی اسمبلی شیراکبر خان ،ضلعی امیر مصطفیٰ ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ سے قبل شدید اور موسلا دھار بارش کے باوجود پورا گراؤنڈ کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ سراج الحق نے کہا کہ ممتاز قادری کو پھانسی دے کر نواز شریف نے امریکہ کو خوش کیااور توہین رسالت کے جرم میں عدالت سے پھانسی کی سزا ملنے کے باوجود مجرمہ خاتون چار سال سے جیل میں زندہ ہے۔مسجد نبوی میں لوگ سلام اور ازکار بھی احترام سے کرتے ہیں کوئی نعرہ بازی نہیں کرتے لیکن ممتازقادری کو سزا دینے کے بعد نواز شریف کو لوگوں نے مسجد نبوی میں دیکھا تو قادری زندہ بار کے نعرے لگائے ،۔سراج الحق نے کہا کہ پانامہ چوری کیس میں شریف خاندان سمیت سینکڑوں لوگوں کے نام آئے ہیں تو پوری دنیا میں بھونچال آگیا ہے وزرائے اعظم مستعفی ہو رہے ہیں۔ لیکن ہمارے وزیر اعظم اپنی مرضی مسلط کرکے بچنا چاہتے ہیں لیکن پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں حقائق جاننے والا کمیشن بنا کر وزیر اعظم کی حیثیت اور کردار کا تعین ہونا چاہیئے۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدانوں نے قانون کو مذاق بنا رکھا ہے انھوں نے کہا کہ یہ لوگ عوام کو کیا انصاف دیں گے اور کرپشن کا کیسے خاتمہ کریں گے اور خواتین کیلئے بل پاس کرکے خواتین کو کیا حقوق دینگے پانامہ میں ان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ پیسہ باہر لے گئے ہیں اور ان کے بچے اربوں روپے کے کاروبار کر رہے ہیں خواتین کو حقوق تو اسلام نے دیے ہیں اور ان کو ماں بہن کی عزت ہم دیتے ہیں۔ سیکولرازم کے دعویداروں کے بارے میں ےہ خبریں زبان زدعام ہیں کہ آدھی راتوں کو بیویوں کو گھروں سے نکالتے ہیں اور ان کیخلاف اپنی بیوی کے علاوہ خفیہ بیویوں کے دعوے عدالتوں میں ہیں کہ انھوں نے ہم سے خفیہ شادی رچائی ہوئی ہے۔ یہ بل منظور کرنے پر ان کو سب سے پہلے امریکہ سے مبارکبادیں آئیں لیکن ہم قومی غیرت کو یوں سرعام نیلام نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ بونیر کو میں دوسرا ثمرباغ سمجھتا ہوں مجھے عام آدمی،بوڑھے جوان سب کے مسائل کا علم ہے۔انھوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ ہمیں حکومت ملی تو تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت ہوں گی۔پانچ خطرناک بیماریوںکا مفت علاج ہوگا۔بے گھروں کو گھر ملیں گے۔آئمہ مساجد کو اساتذہ اور فوج و پولیس کے برابر تنخوا ملے گی۔مرنے والے کے ورثا اگر قرض واپس نہیں کرسکتے تو ان کا قرض واپس کرنے کی ذمہ داری ریاست کی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار ملنے تک بے روزگاری الاونس دیا جائے گا اور70سال سے زائد کے بوڑھے اپنے ورثا پر بوجھ نہیں ہونگے ان کے اخراجات ریاست ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ےہ منشور قابل عمل ہے انھوں نے کہا کہ میرا تعلق عوام سے ہے چوروں اور لوٹیروں کے خلاف میدن میں نکلا ہوں۔ عام آدمی میری قوت ہے انھوں نے جلسہ کے شرکا سے کہا اس جنگ میں آپ میرا ساتھ دیں انھوں نے جلسہ میں بہت بڑی تعدادمیں شریک نوجوانوں سے کہا کہ اپنی طاقت کو جے آئی یوتھ کے پلڑے میں ڈالیں مستقبل ہمارا ہے۔ جے آئی یوتھ کے ممبر بنیے ۔ حکمرانوں نے ایمل کانسی یوسف رمزی اور حافظ قرآن ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا ایسے بے غیرت حکمرانوں کو آئندہ ملک کا اختیار ہر گز نہ دیا جائے۔