اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی نیب کی درخواست مسترد کر دی۔ دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ مشکوک ٹرانزیکشنز کرپشن کے زمرے میں نہیں آتیں، جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں عدالت اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کی تشریح کر چکی ہے۔
منگل کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اب کیس میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے، جس پر جسٹس منیب نے کہا کہ عدالت نے ان حالات کو دیکھنا ہے جب ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا۔
جسٹس منیب اختر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پراسیکیوٹر صاحب، آپ نے 4 دن پہلے آنے والا 7 رکنی بینچ کا فیصلہ پڑھا ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے جواب دیا کہ جی نہیں پڑھا۔