• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کیس نومبر میں سماعت کیلئے مقرر کرنیکا حکم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کراچی میں بدعنوانی کے ریفرنس کے ملزمان ضیا اللہ وارثی اور مسعود عالم نیازی کی بریت کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی چیئرمین نیب کی اپیلوں کی سماعت کے دوران کیس کو نومبر میں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ نیب کے لاء افسر کے مطابق اس کیس میں ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد موجود ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس یحیٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے منگل کو کیس کی سماعت کی تو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے موقف اختیار کیا کہ یو ٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کراچی کے اکائونٹنٹ و ملزم ضیا اللہ وارثی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مختلف بینک اکائونٹس کے ذریعے ادارے کو بھاری مالی نقصان پہنچایا ہے ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان سے استفسار کیا کہ اس کیس سے ملزم مسعود عالم نیازی کا کیا تعلق بنتا ہے؟ تو انہوں نے بتایا کہ مسعود عالم نیازی اس وقت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن میں جنرل منیجر تھا، جس پر ملزم مسعود عالم نیازی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جو چیک ضیااللہ وارثی کو دیا گیا تھا اس پر میرے موکل کے دستخط نہیں تھے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے فاضل عدالت سے ملزمان کی بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی توجسٹس عمر عطا بندیال نے آبزرویشن دی کہ نیب کے لاء افسر کے مطابق اس کیس میں ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد موجود ہیں،بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ماہ نومبر تک ملتوی کردی ۔

تازہ ترین