• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف سیکریٹریز کی اوسط مدت، شہباز دور میں 2 سال، بزدار حکومت میں 6 ماہ

لاہور (خضر حیات گوندل) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پنجاب میں 2008 تا 2018 کے دور حکومت میں چیف سیکرٹریز کی اوسط مدت تعیناتی دو سال جبکہ پی ٹی آئی کی سردار عثمان بزدار حکومت کے تقریباً دو سال میں چوتھے چیف سیکرٹری کام کر رہے ہیں۔اس طرح چیف سیکرٹری کی اوسط مدت 6ماہ ہے ۔ پنجاب میں 2008 کے الیکشن کے نتیجے میں جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت بنائی تو فروری 2009 تک جاوید محمود کو چیف سیکرٹری کے عہدے پر تعینات رکھا۔ فروری 2009 میں میاں شہباز شریف کو عدالت کی طرف سے عہدے سے ہٹائے جانے کےبعد پنجاب میں گورنر راج لگا دیا گیا اور فروری 2009 میں نجیب اللہ ملک چیف سیکرٹری پنجاب تعینات ہوگئے. اپریل 2009 میں شہباز شریف دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب بن گئے اور جاوید محمود کو دوبارہ چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کردیا گیا جو فروری 2010 تک اس عہدہ پر رہے۔فروری 2010 میں ناصر محمود کھوسہ کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا گیا اور وہ اپریل 2013 تک اس عہدے پر رہے۔ اپریل 2013 میں عام انتخابات کے باعث نگران دور میں جاوید اقبال چیف سیکرٹری مقر رہوئے اور اکتوبر 2013 تک اس عہدے پر رہے. اکتوبر 2013 سے جنوری 2015 تک نوید اکرم چیمہ اور جنوری 2015 سے اپریل 2016 تک خضر حیات گوندل چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے پر رہے۔ اپریل 2016 سے جون 2018 تک کیپٹن (ر) زاہد سعید چیف سیکرٹری پنجاب رہے۔ 2018میں اکبر حسین درانی چیف سیکرٹری پنجاب بنے اور پی ٹی آئی حکومت نے بھی اکتوبر 2018 تک انہیں اسی عہدے پر قائم رکھا۔ پی ٹی آئی کے دور کے دوسرے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر اکتوبر 2018 سے نومبر 2019 تک اس عہدے پر رہے۔ تیسرے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نومبر 2019 سے اپریل 2020 تک اس عہدے پر رہے۔ موجودہ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اس عہدے پر اپریل 2020سے تعینات ہیں۔انتظامی عہدے پر تیزی کے ساتھ تبادلوں کا جائزہ لیا جائے تو چند بڑے اور اہم محکموں کے علاوہ دیگر محکموں میں سیکرٹری سطح کے افسران کے تبادلوں کی شرح میں میاں شہباز شریف اورسردار عثمان بزدار کی حکومت کے درمیان معمولی فرق سامنے آیا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور موجودہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی حکومت میں کچھ ایسے محکمے ہیں جن میں سوا دو سال سے بھی کم عرصہ میں چھ چھ اور سات سات سیکرٹری تبدیل کئے گئے ہیں جبکہ سابق دور میں یہ تناسب بہت کم تھا۔

تازہ ترین