آپ آف لائن ہیں
جمعہ11؍ربیع الثانی 1442ھ 27؍نومبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

سی ڈی اے، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کیلئے پانچ بڑے منصوبوں کے پی سی ون منظور

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی( ڈی ڈی ڈبلیو پی) نے اسلام آ باد میں انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے اربوں روپے مالیت کے 5بڑے منصوبوں کے پی سی ون اورایک منصوبے کے پی سی ٹو کی منظوری دے دی ۔ یہ منظوری چیئر مین سی ڈی اے عامر علی احمد کی زیرصدارت ہو نے والے اجلاس میں دی گئی ۔آئی جے پی روڈ اسلام آباد کی کشادگی اور تعمیر نوکے پی سی ون کی منظوری دی گئی ہے، یہ فیض آ باد فلائی اوور سے این فائیو تک دس کلومیٹر کی شاہراہ ہے جو اس وقت چار رویہ ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ اس شاہراہ کو چار سے بڑھا کر آٹھ رویہ کیا جا ئے گا، اس کی لاگت چھ ارب 99روڑ روپے ہے،اس پر تین فلائی اوور تعمیر کئے جائیں گے ۔ ایک فلائی اوور نائنتھ ایونیو اور اسٹیڈیم روڈ کو ملانے والے چوک پر بنے گا۔ دوسرا پیر ودھائی کے سامنے فقیر ایپی روڈ کی کراسنگ پر اور تیسرا کٹاریاں کے پاس ٹینتھ ایو نیو کراسنگ کیلئے بنے گا۔ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا اور سی ڈی اے خود اپنے وسائل سے اسے مکمل کرے گا۔خیابان سہروردی اورسری نگر ہائی وے اسلام آباد کے ساتھ سیونتھ ایونیو کےانٹر سیکشن پر زیرو پوائنٹ کی طرز پر انٹر چینج تعمیر کی منظوری دی گئی ۔ اس کی پی سی ون لاگت دو ارب 34 کروڑ روپے ہے، یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا۔ اس کی ماحولیاتی منظوری بھی

مل چکی ہے اوراس سے ٹریفک جام ختم ہوجا ئے گا۔ ایکسپریس وے پر نصب بانی پاکستان قائداعظم محمد علی کی یادگار پورٹریٹ کی بحالی اورازسرنو تعمیر کی منظوری بھی دی گئی ۔ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ایکسپریس وے پر لگے،یادگار پوٹریٹ کو مزید بہتر کرنے کیلئے نئے فیچر شامل کئے جائیں گے اس پر پانچ کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ پوٹریٹ کو۔ محفوظ رکھنے کیلئے وال بھی بنائی جائے گی۔وزیراعظم اصلاحات پروگرام کے تحت 22 سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر کی منظوری دی گئی ۔مشرقی بائی پاس اسلام آباد کی فزیبلٹی اور مشاورتی اسٹڈیزون تھری شکرپڑیاں کے فیز ٹو کیلئے کثیر المقاصد پریڈ گراونڈ کی تعمیر نوکے پی سی ون کی منظوری بھی دی گئی ۔ ایسٹرن بائی پاس کا مقصد یہ ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو روات سے مری تک توسیع دی جا ئے ۔

اسلام آباد سے مزید