ملتان (سٹاف رپورٹر) کشمیر پر انڈیا کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف ملتان شہر میں یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ تہتر سال گذرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنی شخصی آزادی اور اجتماعی حقوق سے محروم ہیں، عالمی برادری کیوں خاموش ہے- ایم ڈی اے انتظامیہ کیطرف سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس، سبین گل خان، فرخ نسیم راں، چوہدری محمد انور ودیگر نے شرکت کی۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر پنجاب (جنوبی) تسنیم سرور نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947 کشمیریوں کی زندگی کا وہ سیاہ دن ہے جب غاصب بھارت نے کشمیر میں غیرقانونی فوج اتارکر کشمیریوں کی آزادی پر شب خون مارا ۔ بزم ادب کمیٹی گورنمنٹ اقبال سیکنڈری سکول ملتان میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر پروفیسر عنایت علی قریشی، ملک لیاقت منظور، رانا محمد اسلم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مستقبل پاکستان جنوبی پنجاب کی طرف سے کشمیر پر انڈیا کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاجی ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی عہدیداران و کارکنان سمیت افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔