قابض بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی زمین غیر کشمیریوں کو خریدنے کی اجازت دے دی، مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی اقدام کو کشمیریوں کے وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ادھر حریت کانفرنس نے بھارتی اقدام کے خلاف وادی میں ہفتے کو احتجاجی ہڑتال کی کال دے دی۔
مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق پر مودی سرکار نے ایک اور ڈاکا ڈالتے ہوئے کشمیریوں کی زمین غیر کشمیریوں کو خریدنے کا قانون وادی میں نافذ کردیا ہے۔
بھارت کے اس کشمیر دشمن اقدام کے خلاف وادی کے حریت اور سیاسی رہنما سب یک آواز ہو گئے ہیں، اور اس بھارتی اقدام کو کشمیریوں کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف قرار دے دیا۔
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مودی سرکار کے نئے سامراجی ہتھکنڈے کو کشمیر کے عوام کے اختیارات ختم کرنے، جمہوری حقوق سے محروم رکھنے اور وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو ایسے غیر آئینی فیصلوں کے خلاف متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔
حریت کانفرنس نے بھارت کے سامراجی قوانین کے خلاف ہفتے کو وادی میں پُرامن احتجاج اور ہڑتال کی کال دی ہے۔