اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے مدرسہ جامعہ زبیریہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ پر کئی شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مہوش حیات نے ایسے گھناؤنے فعل کا ارتکاب کرنے والوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرین سے تعزیت بھی کی۔گلوکار سلمان احمد نے کہا کہ پشاور دھماکا اس بات کی افسوسناک یاد دہانی ہے کہ وہ بزدل لوگ جو معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کیلئے تاریکی میں چھپ جاتے ہیں وہ ان قوتوں سے ملے ہوئے ہیں جو عدم استحکام اور انتشار پیدا کرتی ہیں، وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔اداکار، میزبان اور گلوکار فخر عالم نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کو بچوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی واضح حکمت عملی ہے۔فخر عالم نے کہا کہ ایک یہ بیرونی اور اندرونی بزدلوں کی جانب سے ایک مربوط کوشش ہے لیکن قوم پرعزم کھڑی ہے اور ہمارا امن اور ترقی کا عزم نہیں رکے گا۔اداکارہ مایا علی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ’چھوٹے تابوت ہی سب سے زیادہ بھاری ہوتے ہیں۔‘ اداکارہ حریم فاروق نے صبح دھماکا ہونے اور اس کے بعد ظہر کی اذان بلا خوف و خطر دینے اور جماعت کرنے پر وہاں پر موجود لوگوں کے حوصلے کی داد دی۔علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پشاور میں مدرسے پر ہونے والے حملے نے آرمی پبلک اسکول کے سانحہ کی یاد تازہ کردی، ان دونوں واقعات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔اداکارہ عائزہ خان نے پشاور دھماکے کے حوالے سے لکھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ جلد اس جگہ کو بحال کردیا جائے گا۔اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ پشاور میں دھماکے کا سن کر رنجیدہ ہوگیا ہوں بس میرا دماغ یکلخت ماؤف ہوگیا، یہ سوچ کر کہ اب دوبارہ ہمارے بچوں کا لہو بہہ رہا ہے۔