• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا بدلتا موسم، قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کئی کرکٹرز وائرل بخار میں مبتلا

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کے موقع پر کراچی میں کئی کھلاڑی وائرل فیور کا شکار ہوگئے ہیں۔ ملک میں کورونا کی نئی لہر زور پکڑ رہی ہے۔ حکومت نے عام لوگوں کو احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے ایسے میں پی سی بی میڈیکل پینل نے کراچی کے تین ہوٹلوں میں مقیم فرسٹ اور سیکنڈ ڈویژن کے تین سو کے قریب کھلاڑیوں ،آفیشلز ،امپائروں اور میچ ریفریز کو مزید محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں سندھ کے کم ازکم تین کھلاڑی سرفراز احمد، اسد شفیق اور میر حمزہ بخار میں مبتلا رہے۔ کراچی میں بدلتے موسم نے کھلاڑیوں کو بھی بخار، نزلہ زکام میں مبتلا کردیا ہے۔ پی سی بی نے ہر ٹیم کے ساتھ ڈاکٹر کا تقرر کیا ہوا ہے۔ جو مسلسل کھلاڑیوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔ ٹیمیں بایو سیکیور ببل میں رہ رہی ہیں۔ ہوٹل میں انہیں سوئمنگ پول استعمال کرنے یا عام ریسٹورنٹ جانے کی اجازت نہیں ہے۔کرکٹرز کے کھانے کے لئے الگ جگہ مخصوص ہے۔ لیکن جمنازیم میں کھلاڑیوں کے ساتھ عام لوگ بھی موجود ہوتے ہیں۔ لفٹ میں بھی عام لوگ سفر کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں جم اور لفٹ میں کھلاڑیوں کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر وائرل فیور والے موسم میں کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔

تازہ ترین