عام طور پر الماری فرنیچر کے ہمراہ ہی خریدی جاتی ہے، تاہم آپ فرنیچر کے اس اہم جزو کو اپنی ضروریات کے مطابق بھی بنواسکتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے پاس بڑی الماری ہو، جس میں سارے کپڑے، بیگ اور جوتے وغیرہ سب بآسانی آجائیں۔ سامان کے اضافے کے ساتھ نئے کپڑے وغیرہ رکھنے کے لیے اضافی جگہ بھی ہونی چاہیے۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جس میں آپ کپڑوں سے لے کر جوتے، جیولری، کھلونے، کتابیں وغیرہ سبھی کچھ رکھ سکتے ہیں۔ غرض یہ کہ ہر کوئی اپنی ضرورت کے مطابق الماری کو استعمال میں لاتا ہے لیکن بنیادی طور پر اسے کپڑے رکھنے کیلئے ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ نئے اور پرانے کپڑوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہترین ہوتی ہے، تاہم اگر الماری غیرمنظم ہوئی ہوتو یہ بات کہیں زیادہ الجھن کا باعث بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بکھری ہوئی الماری کامطلب ایک بکھرا اور پریشان دماغ ہے۔ الماری میں اوپر تک ٹھنسے ہوئے بے ترتیب کپڑوں سے زیادہ مایوس کن کچھ نہیں کیونکہ یہ آپ کے حسنِ سلیقہ پر ایک بدنما داغ سمجھا جاتا ہے۔ ایک غیر منظم الماری آپ کے کمرے کی وضع قطع بگاڑ سکتی ہے۔
اگر آپ اپنے کپڑوں یا ضرورت کی دیگر اشیاکو الماری میں ترتیب سے رکھنے کے فن سے روشناس نہیں تو آپ کی تمام شاپنگ بھی غیر مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ الماری منظم کرنا بظاہر جتناآسان لگتا ہے، درحقیقت یہ اتنا ہی مشکل کام ہے۔ آئیے ان آسان تجاویز پر بات کرتے ہیں، جن کےذریعے آپ اپنی الماری کو منظم کرسکتے ہیں۔
صفائی کا منصوبہ
سب سے اہم کام المار ی کو صاف کرنے کی منصوبہ بندی ہے کیونکہ جب الماری کھولتے ہی تمام کپڑے آپ پر یا زمین پر گر پڑتے ہیں تو ان کو دوبارہ ترتیب دینا خاصا تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے۔ چیزوں کو ترتیب وار اور منظم رکھنے والے ماہرین کی رائے کےمطابق الماری کی مکمل صفائی کا منصوبہ سال میں کم ازکم دوبار لازمی بنانا چاہیے۔ اگر آپ نے ایک طویل عرصے سے الماری منظم نہیں کی ہے تو آ ج ہی اس کو منظم کرنے کا منصوبہ بنائیں۔ آپ دیکھیں گے کہ کچھ دیر کی محنت ایک منظم اور ترتیب و ار الماری فراہم کردے گی۔
غیر ضروری کپڑے
الماری کو منظم دیکھنے کا ایک اصول یہ ہے کہ جن کپڑوں کا استعمال فوری نہ ہو یا جنھیں آپ نہیں پہنتے تو انہیں الماری سے نکال دیں۔ فالتو اشیا یا کپڑے آپ کی الماری کو غیرمنظم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ لہٰذا جو کپڑے، جوتے، سینڈلز یا بیگ وغیرہ آپ کے استعمال میں نہ ہوں، انہیں کسی کو دے دیں ۔ اس کے علاوہ غیر ضروری اور فالتو سامان رکھنے کے لیےڈبے بنانا ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ ہر وہ چیز جو کام کی نہیں اور فی الحال غیرفعال ہے، ان کو الماری سے نکال کر ڈبوں میں بھر دیا جائے۔ اس طرح یہ اشیا خراب ہونے سے بھی محفوظ رہیں گی۔
دائیں سے شروعات
میری کونڈو کا کہنا ہے کہ الماری کومنظم کرنے کے لیے ہمیشہ دائیں جانب سے شروع کریںاور روزانہ استعمال میں آنے والی چیزوں کو آنکھوں کے سامنے رکھیں تاکہ انھیں ڈھونڈنے میں زیادہ وقت نہ لگے اور نہ ہی الماری کی سیٹنگ خراب ہو۔ الماری کو صاف و شفاف دکھانے کے لیےکچھ کپڑے ٹانگ دیں کیونکہ ٹنگے ہوئے کپڑے کم جگہ گھیرتے ہیں اوربآسانی مل جاتے ہیں۔
کپڑوں کی تہہ
کپڑوں کی بنائی گئی تہہ آپ کی الماری یا وارڈروب کومنظم کرنے میں اہم ہوتی ہے۔ کپڑوں کی تہہ جتنے سلیقے سے کی جائے گی آپ کی الماری اتنی ہی منظم اور کم بکھری محسوس ہوگی۔ چیزوں کو ترتیب سے رکھنے پر مشاورت فراہم کرنے والی جاپانی انسٹرکٹرمیری کونڈو کا کہنا ہے کہ کپڑوں کو منظم اور ترتیب سے رکھنے کے لیےان کو عمودی طریقے سے (ورٹیکل اسٹائل) تہہ کیا جائے، اس طرح کپڑے کم جگہ لیں گے اور الماری بھی منظم لگے گی۔ اسی طرح تولیے وغیرہ کی بھی عمودی تہہ بنائیں تاکہ یہ چیزیں بھی کم جگہ گھیریں۔
درازوں کا استعمال
الماری میں موجود دراز بھی اہم ہوتی ہیں لیکن ان درازوں میں ضرورت سے زائد سامان جلد ہی آپس میں گڈ مڈ ہونے لگتا ہے جس کے باعث یہ بے ترتیب اور گندی ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ الماری کو منظم دیکھنا چاہتے ہیں تو الماری کے لیے خانے والی درازوں کا انتخاب کیجیے، جس میں ٹائی، موزے اور دوسرا ضروری سامان ترتیب سے رکھا جاسکے۔
جوتوں کیلئے ریک
جوتےآپ کی الماری کا ایک بڑا حصہ لے لیتے ہیں، لہٰذا ان پر نظر کرنا بہت ضروری ہے۔ الماری کے نیچے آرام دہ خانے بنانا ایک اچھا آئیڈیا ہے یا پھر آپ لٹکنے والے شیلف خریدلیں۔ اس کے علاوہ شوز ڈسپلے ریک آجکل خاصے مقبول ہیںجو شیشے ، پائپ یا لکڑی میںسے کسی بھی مٹیریل کے بنے ہوتے ہیں، اس میں آپ اپنے سینڈلز اور شوز وغیرہ بآسانی رکھ سکتے ہیں۔
کارنر الماری
اگر آپ کے گھر میں ایسی جگہ ہے جہاں پر چھت تھوڑی سی ترچھی ہے تو اس میں شیلف اور درازیں بنا کر ایک چھوٹی الماری کی شکل دی جاسکتی ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ الماری کا بیشتر سامان وہاں منتقل ہوجائے گا اور آپ کو اپنی الماری منظم کرنے میں زیادہ آسانی ہوگی۔