• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، جی بی کے انتخابی نتائج میں تبدیلی کی کوشش کی تو بہتر نہیں ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں 15 نومبر کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم جاری ہے۔

گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر اس کی حکومت میں ہی فنڈز ریلیز کرنے پر پابندی لگادی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فنڈز ریلیز کرنے پر پابندی پر وزیراعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے احتجاج بھی کیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے 9 لوگوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا۔

جی بی میں وفاقی حکومتی جماعت کی انتخابی مہم پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متفقہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی حلقوں میں وزراء دورے کر رہے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 26 اکتوبر سے ایک وفاقی وزیر جی بی کے حلقوں کے مسلسل دورے کر رہے ہیں۔ ساری حکومتی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ 5 سال میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک اسکینڈل سامنے نہیں آ سکا، گلگت بلتستان میں 5 سال میں بہترین ترقی ہوئی، مثالی امن و امان رہا۔

لیگی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جی بی کا امن ویسے ہی خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جیسے پاکستان میں کیا گیا۔

احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان اپنے وزراء کو فوراً گلگت بلتستان سے واپس بلائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کو روکتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، اس ضابطہ اخلاق میں ترمیم کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دھاندلی کا عمل نہ رُکا تو پورا پاکستان جی بی کے حق کی نمائندگی کے لیے ان کی پشت پر کھڑا ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، جی بی کے انتخابی نتائج میں تبدیلی کی کوشش کی تو بہتر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی وجہ سے جی بی کا خطہ زیادہ حساس ہے۔

انھوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ کمیشن وفاقی حکومت کی پری پول رِگنگ کا نوٹس لے اور پہلے سے متنازع انتخابات میں دھاندلی کو روکے۔

تازہ ترین