• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی ادارے کورونا پھیلاؤ کا باعث نہیں بن رہے، اسد عمر


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث نہیں بن رہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق تعلیمی ادارے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث نہیں بن رہے، تعلیمی اداروں میں دیگر سیکٹرز کے مقابلے میں ایس او پیز پر زیادہ عمل ہورہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ سب سے زیادہ ریسٹورنٹ، شادی ہال اور بڑی مارکیٹیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قانون میں تبدیلی کرنا پڑی تو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال ایسی صورتحال نہیں ہے کہ قانون میں تبدیلی کرنا پڑے، این سی او سی کی کورونا صورتحال پر نظر ہے، مزید سخت اقدامات کرنا پڑے تو کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ستمبر میں کورونا کی شرح 1.7 سے 1.8 فیصد تھی، جس میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، 72 دنوں میں کورونا کی شرح 3 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے، قوم نے احتیاط نہ کی تو کورونا صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

اسد عمر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی تھی، اسلام آباد میں کچھ اسٹریٹ کا لاک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، کوشش ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے سے پہلے اقدامات کرلیے جائیں۔ 

تازہ ترین