• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، مریض کے تیماردار خود کو کیسے محفوظ رکھیں؟

عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں  لے رکھا ہے، چند ممالک میں اس وبا کی دوسری لہر نے بھی پنجے گاڑ لیے ہیں جبکہ متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

کورونا وائرس سے لاکھوں افراد متاثر ہو کر صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں بد قسمت مریض اس وبا کے شکنجے میں ایسا پھنسے کہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد اس بیماری کا سب سے بڑا ہدف ہوتے ہیں، کوروناوائرس سے متاثرہ مریض کی تیمارداری کرنا لازمی ہے مگر اس دوران تیماردار کی اپنی صحت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

تیمادار خود کو اس وائرس سے کیسے بچائے اس سے متعلق مندرجہ ذیل تجاویز تحریر ہیں ۔

اپنی اور مریض کی استعمال کی چیزوں کو الگ کر لیں

اگر آ پ کے گھر میں کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہے اور گھر میں ہی قرنطینہ ہے تو سب سے پہلے خود میں اور مریض میں فاصلہ رکھیں، اپنے استعمال کی اشیا اور مریض کی استعمال کی ضروری اشیا کو علیحدہ کر لیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ تیمار دار کا کمرہ اور باتھ روم الگ الگ ہوں، مریض کے کمرے میں ضرورتِ استعمال کی ہر اشیا موجود ہو اور کمرہ روشن اور ہوا دار ہو۔

اپنی صفائی کا خاص خیال رکھیں

گھر کا اگر کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہے تو اب یہ نہایت ضروری ہے کہ دیگر افراد اپنی صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئیں، منہ کو بالکل نہ چھوئیں، مریض کے روم میں جاتے ہوئے ہاتھ دھو کر، دستانے، ماسک، بند جوتے یا پاؤں میں کوئی تھیلی نما پرت چڑھا کر جائیں۔


مریض کے کمرے سے باہر آ کر خود پر کوئی جراثیم کش اسپرے کریں، ہاتھوں کو دھوئیں، دن میں دو بار بھاپ لیں اور نیم گرم پانی کا استعمال  لازمی کریں۔

اپنے ارد گرد کی صفائی رکھیں

گھر میں ایک جراثیم کش محلول کی اسپرے بوتل بنالیں جس سے اپنے گھر کے  سامان پر روزانہ کی بنیاد پر اسپرے کریں، گھر سے باہر آنے والے افراد کے ہاتھوں، پاؤں اور کپڑوں پر جراثیم کش محلول کا اسپرے کریں، کپڑے، برتن جوتوں کو دھوئیں اور جراثیم سے پاک کریں، گھر کے اہم اور بار بار استعمال ہونے والے سامان پر کم از کم دو بار اسپرے کریں۔

جراثیم کش محلول بنانے کے لیے آئسو پروپائل الکوحل یا بلیچ کا سلوشن بنایا جا سکتا ہے۔

بہتر غذا اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں

  ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تیمار دار ی کرنے والے افراد کے لیے نہایت ضروری ہے کہ وہ اپنا قوت مدافعت مضبوط رکھنے اور کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں، وقت پر مثبت اور  بہتر غذا کھائیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اور تیمار داروں کے لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ ایسی غذاؤں کا انتخاب کریں جن میں وٹامن سی، اے اور زنک وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

ڈاکٹر سے رابطے میں رہیں

اپنے معالج سے رابطے میں رہنا نہایت ضروری ہے، چاہے فون پر رابطہ رکھیں مگر معالج کو روزانہ کی بنیاد پر مریض اور تیمار دار میں موجود علامات اور احساسات سے متعلق مکمل معلومات ہونی چاہیے۔

تازہ ترین