آپ آف لائن ہیں
منگل8ربیع الثانی 1442ھ 24؍نومبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

بھارتی اداکارہ پر چاقو کے وار کرنیوالا پروڈیوسر گرفتار

شادی کی پیش کش ٹھکرانے بھارتی اداکارہ مالوی ملہوترا کو چھریوں کے وار سے زخمی کرنے والے پروڈیوسر کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں اداکارہ مالوی مہوترا پر ایک دوست کی جانب سے شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر بدلہ لینے کی غرض سے چھریوں سے حملہ کر دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں مالوی شدیدی زخمی ہو گئیں تھیں۔

بھارتی پولیس کے مطابق مالوی ملہوترا پر اُن کے 31 سالہ دوست کی جانب سے 3 چھریوں کے وار کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں اُن کے ہاتھ اور پیٹ پر گہرے زخم آئے تھے، مالوی ملہوترا کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں اُنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔

بھارتی پولیس کے مطابق اداکارہ پر حملہ کرنے والے ملزم کا واردات کے ایک سے آدھے گھنٹے کے دوران ہی روڈ ایکسیڈنٹ ہو گیا تھا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، گزشتہ بدھ کو ملزم کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے پر گرفتار کر لیا گیا تھا ۔

مالوی ملہوترا پر چھریوں کے وار کرنے والے گرفتار ملزم کی شناخت یگیش کمار منیش پال سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، یگیش فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر کام کر رہا تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق یگیش کو گزشتہ دن آندھری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت کی جا نب سے یگیش کو 2 نومبر تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب 29 سالہ اداکارہ مالوی ملہوترا کے ایک ہاتھ کی چھوٹی انگلی ٹوٹ گئی تھی جسے آپریشن کے ذریعے جوڑا گیا ہے ۔

مالوی ملہوترا کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا ہے کہ وہ حکومت سے جلد از جلد اپنے لیے انصاف چاہتی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ’اُن کی انگلی کا ایک آپریشن کیا گیا ہے جس سے تاحال ڈاکٹرز پوری طرح سے مطمئن نہیں ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اُن کی چھوٹی انگلی کا دوبارہ آپریشن کیا جا سکتا ہے۔‘

دوسری جانب پولیس کا بتانا ہے کہ واردات کے دوران استعمال ہونے والی چھری ملزم یگیش سے بر آمد کر لی گئی ہے مگر  ملزم بار بار اپنے بیانات بدل کر پولیس کو گمراہ کر رہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید