فرانس میں سرکاری سطح پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد دنیا بھر کی طرح جاپان میں مقیم مسلم برادری کے جذبات بھی بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور یہاں بھی فرانس کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے آج بعد نماز جمعہ ٹوکیو میں فرانسیسی سفارتخانے کے باہر پاکستانی و دیگر مسلم کمیونٹی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں دنیا کے کئی ممالک کے مسلمانوں نے شرکت کی جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے سیاسی سماجی اور دینی تنظیموں کے نمایندوں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر پاک جاپان فاؤنڈیشن کے سربراہ چوہدری آصف محمود نے اپنے گھر میں موجود تمام فرانسیسی برانڈز کو فرانس کے سفارتخانے کے سامنے ضائع کردیا گیا ۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری آصف محمود کا کہنا تھا کہ مسلمان قوم کے لیے پوری دنیا ایک طرف اور صرف ہمارے پیارے نبی ﷺ کا احترام ایک طرف ہے اور کسی کو ان کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہٰذا انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ فرانس کی تمام برانڈز جو ان کی ملکیت ہیں ضائع کردیا جائے گا۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ فرانس کے صدر نے جو حرکت کی ہے وہ پوری فرانسیسی قوم کے لیے شرمناک ہے مسلمان فرانس کی بنی ہوئی تمام اشیا کا بائیکاٹ کریں گے۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کی عزت و احترام سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے جب تک فرانس کے صدر معافی نہیں مانگیں گے یہ احتجاج دنیا بھر میں جاری رہے گا۔ْ
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سنیئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف ہمارے پیارے نبی ﷺ کا احترام ایک طرف مسلمان جان دے سکتا ہے لیکن نبی ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔
فرانس کی حکومت کو مسلمانوں کے جزبات کو ٹھیس پہنچانے پر معافی مانگنی پڑے گی۔
اس موقع پر کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید نے جاپانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فرانسن کی حکومت پر زور ڈالے کہ وہ مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے سے گریز کرے۔
شاہد مجید نے کہا کہ مظاہروں کا یہ سلسلہ مقصد کے حصول تک جاری رہے گا۔