• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت اور رنگولی کو فرقہ وارانہ ریمارکس پر انکوائری کا سامنا

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی کو فرقہ وارانہ ریمارکس کے معاملے میں انکوائری کا سامنا ہے۔

ممبئی کے علاقے اندھیری کی عدالت کے مجسٹریٹ نے وکیل کی نجی شکایت پر پولیس کو معروف اداکارہ اور اس کی بہن کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی نے مسلم کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز بیانات دیے۔


ایڈووکیٹ علی کاشف دیش مکھ نے اپنی شکایت کے ساتھ عرض کیا کہ 15 اپریل کو رنگولی نے ٹوئٹر پر مبینہ طور پر ایک مسلم کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز بیان شائع کیا۔

علی کاشف نے درخواست میں کنگنا رناوت پر الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی بہن رنگولی کی اس معاملے میں حامی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ 18 اپریل کو کنگنا رناوت نے اسی معاملے سے متعلق ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔

عدالت نے درخواست پر کہا کہ اداکارہ اور اس کی بہن کے خلاف الزامات سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصروں پر مبنی ہیں، لہٰذا معاملے کی تحقیقات پولیس سے کرانا از حد ضروری ہے۔

کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی کے خلاف ممبئی کی ایک اور عدالت میں چند روز قبل مذہبی منافرت پھیلانے کی درخواست دائر ہوچکی ہے۔

تازہ ترین