• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمساز نے کنگنا رناوت کے ساتھ فلم کو ’دردناک تجربہ‘ قرار دیدیا

بھارتی فلمساز ہنسال مہتا نے بالی ووڈ کی ’کوئین‘ کنگنا رناوت کے حوالے سے لب کشائی کردی اور ان کے ساتھ کام کو ’دردناک تجربہ‘ قرار دیا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں ہنسال مہتا نے 2017ء میں کنگنا رناوت کے ساتھ بنائی گئی فلم ’سمرن‘ کا تذکرہ کیا اور اسے اپنے لیے دردناک تجربے کے طور پر یاد کیا۔

انہوں نے دوران گفتگو فلم ’سمرن‘ کے متعلق یہاں تک کہہ دیا کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ کاش میں نے یہ فلم کبھی بنائی ہی نہ ہوتی۔

بھارتی فلمساز نے کہا کہ کنگنا رناوت کے ساتھ اپنی فلم کو میں اپنے کیریئر کا ایک ’غیر ضروری کام‘ سمجھتا ہوں۔


ہنسال مہتا نے فلم سے ہٹ کر کنگنا رناوت کے حوالے سے رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اداکارہ کے بارے میں کوئی تلخی نہیں رکھتا بلکہ آف اسکرین ان کی کمپنی سے لطف اٹھاتا رہا ہوں، یہ ایک الگ کہانی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم ’سمرن‘ کی شوٹنگ کے دوران کنگنا رناوت سیٹ کا چارج سنبھال لیتی اور وہ دوسرے اداکاروں کو ہدایت بھی دینا شروع کردیتی تھیں۔

فلمساز نے مزید کہا کہ سمرن میں کام کے تجربے کے سوا مجھے کنگنا رناوت کے کام میں کسی بھی نوعیت کی برائی کا احساس نہیں ہوا۔

ہنسال مہتا نے مستقبل میں بالی ووڈ کوئین کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ بالکل میں دوبارہ بھی کنگنا رناوت کے ساتھ کروں گا، وہ ایک بہترین اداکارہ ہے، اس کے پیش نظر جو بھی تلخ تجربہ رہا ہے وہ بے معنیٰ ہے۔

سمرن نے باکس آفس پر اوسط درجے کا کاروبار کیا تھا، جس کی ریلیز کے بعد ہنسال مہتا مالی مسائل کا شکار ہوگئے تھے، جس نے ان کی ذہنی صحت کو بھی متاثر کیا تھا، جس کا انہوں نے بعدازاں علاج بھی کروایا۔

تازہ ترین