• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو اپنی اے ٹی ایم سے مخلص نہیں انہیں قوم کی کیا فکر‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ این آر او نہ ہوا الٰہ دین کا چراغ ہوگیا کہ جس کی رگڑ سے آزادی کے پروانے جاری ہونا شروع ہوجائیں گے۔ نیب مقدمات کی سماعت میں تیزی سے حکمرانوں کے جھوٹ کا پول کھل جائے گا اسی لئے اب تک تاخیری حربوں کو بروئے کار لاکر اس عمل کو مزید تین سال تک توسیع دی جارہی ہے۔ ہر وقت قوم کے سامنے یہی راگ الاپا جارہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے این آر او نہیں دیں گے مگر اس حقیقت سے ہنوز پردہ نہیں اٹھایا جارہا کہ آخر وہ کون ہے جو این آر او کا طلب گار ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ حکومتی مہم جوئی خود اس کے گلے کی ہڈی ثابت ہورہی ہے بنیاد کے بغیر تجرباتی عمل اپنوں ہی کے ہاتھوں دراڑوں کا شکار ہوچکا ہے جو کسی بھی لمحے زمین بوس ہونے والا ہے۔ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دلوا کر جس کھیل کا آغاز کیا گیا تھا اس کے خدوخال انتہائی غیر محسوس طریقے سے قوم پر عیاں ہونا شروع ہوچکے ہیں۔ عیاری پر مبنی حکمرانی جب اپنی اے ٹی ایم مشین کے ساتھ مخلص نہیں رہی تو بھلا وہ قوم کے ساتھ کیونکر مخلص ثابت ہوگی۔ حکومتی ترجمانوں کے رویوں اور بازاری گفتگو سے ثابت ہوتا ہے کہ جیسے وہ ڈیلی دیجز ملازمین ہوں جو اپنے آنیو الے کل سے بے خبر ہوتے ہیں کہ انہیں ذرا سی بھی غلطی پر کب نکال باہر کیا جائے گا۔
تازہ ترین