بالی ووڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اپنے نام سے بنائے گئے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر روینہ ٹنڈن کے نام پر بنایا گیا اکاؤنٹ اس وقت ہائی لائٹ ہوا جب اس سے ممبئی پولیس کے سربراہ پرم بیر سنگھ کی ویڈیو شیئر کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کے سائبر سیل کے افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ویڈیو میں ملزم نے پرم بیر سنگھ سے متعلق غیر مہذب مواد شیئر کیا۔
سائبر سیل کے افسر نے مزید کہا کہ ممبئی پولیس سربراہ کے غیر مہذب ویڈیو کے ساتھ ملزم نے اپنی ٹوئٹر پوسٹس کے ذریعے مراٹھی زبان اور اُسے بولنے والوں کو بھی بدنام کیا ہے۔
روینہ ٹنڈن کو جب یہ خبر ملی کہ ان کے نام سے چل رہے اکاؤنٹ سے ممبئی پولیس چیف کو بدنام کیا جارہا ہے تو انہوں نے اسے چلانے والے نامعلوم فرد کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی۔
پولیس نے مقدمے کے اندراج کے ساتھ ہی ٹوئٹر ہینڈل بلاک کردیا ہے، ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممبئی پولیس اور ریاستی حکومت کی بدنامی میں ایک BOT استعمال ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ٹوئٹر اکاؤنٹ آپریٹ کرنے والے کے خلاف پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی بعض دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ملزم کے خلاف جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں دانستہ یا بدنیتی پر مبنی کارروائیوں کے ذریعے مذہبی جذبات مشتعل کرنا شامل ہیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت ملزم پر مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین، شناخت کی چوری اور فسادات کرنے کی کوشش کی دفعات لگائی گئی ہیں۔