افریقی گلوکار نے ملکۂ ترنم نور جہاں کا مشہور پنجابی گیت گانے پر خوب داد سمیٹ لی۔
ملکۂ ترنم نور جہاں کا شمار برصغیر کی عظیم ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہوں نے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں برطانوی، ہندوستانی اور پاکستانی فلمی صنعت میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
کلاسیکی موسیقی کی باقاعدہ تربیت یافتہ نور جہاں کے گیت آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور انہیں گانا آسان نہیں سمجھا جاتا۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں افریقی گلوکار فاضل نے نور جہاں کا شہرۂ آفاق پنجابی گیت سانو نہر والے پل تے بلا کے انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا ہے، گلوکار نے ناصرف اصل دھن کو برقرار رکھا بلکہ تلفظ اور انداز میں بھی ملکۂ ترنم کی جھلک پیش کی۔
رپورٹس کے مطابق ویڈیو کو صرف 2 روز میں 50 لاکھ سے زائد ویوز ملے، جبکہ مجموعی طور پر اس کے ویوز 1 کروڑ سے تجاوز کر چکے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین افریقی گلوکار کی کاوش کو بے حد سراہ رہے ہیں، ایک پاکستانی صارف نے لکھا کہ بہترین! ان کی آواز میں میڈم نور جہاں کا انداز جھلکتا ہے، سر اور لے بالکل ویسی ہی ہے، ایک اور صارف نے تبصرہ کیا واہ! واقعی حیران کن ہے، ایسی توقع نہیں تھی، کسی نے لکھا او مائی گیٹ! یہ میرا ہر دور کا پسندیدہ گانا ہے، آپ نے کمال گا دیا ہے، ایک پاکستانی مداح نے کہا کہ میں پاکستانی ہوں، آپ نے دل جیت لیا، ایک صارف نے نور جہاں کے مشہور گیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ جیسا کہ میڈم نور جہاں نے کہا تھا کہ گائے گی دنیا گیت میرے آج وہ بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ نور جہاں کی لازوال دھنیں آج بھی زندہ ہیں اور دنیا بھر کے گلوکار ان سے متاثر ہو رہے ہیں، جو ان کی عالمی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔