امریکی سابق صدر بارک اوباما نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تضحیک آمیز ویڈیو پر خاموشی توڑ دی۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک اے آئی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اوباما اور ان کی اہلیہ کو بندر کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔
یوٹیوبر برائن ٹائلر کوہن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اوباما نے کہا کہ بہت سے امریکی اس طرزِ عمل کو گہری تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سابق صدر کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب ان لوگوں میں کوئی شرم باقی نہیں رہی جو کبھی یہ سمجھتے تھے کہ عہدے کا ایک وقار، شائستگی اور احترام ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر جاری یہ مسخرہ پن دراصل توجہ ہٹانے والی حکمتِ عملی ہے۔
واضح رپے کہ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو نسل پرستانہ قرار دیا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے اس ویڈیو کلپ کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ براہِ کرم جعلی غصہ بند کریں۔
صدر ٹرمپ نے بھی اس پوسٹ پر معذرت سے انکار کرتے ہوئے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی۔