• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی: سدرن پنجاب کو دوسری فتح کیلئے مزید 84رنز درکار


قائد اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب اور بلوچستان، سندھ و خیبرپختونخوا کے میچز بھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم پر سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان میچ کے تیسرے روز 18 وکٹیں گریں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ کل پہلے سیشن میں ہی آنے کی توقع کی جارہی ہے۔

سدرن پنجاب کو ایونٹ میں اپنی دوسری فتح کے لیے مزید 84 رنز درکار ہیں تو بلوچستان کو 7 وکٹ کی ضرورت ہے۔

تیسرے دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 70 رنز بنالیے ہیں۔


اس سے قبل 41 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 112 رنز تک ہی محدود رہی۔

میچ کی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کی ٹیم بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں 331 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

تیسرے دن پنجاب نے گزشتہ روز کے اسکور 5 وکٹ 245 رنز پر کھیل کا دوبارہ آغاز کیا، اس دن میدان پر بولرز کا راج رہا۔

دونوں ٹیموں کے 18 بیٹسمین بولرز کی چالاک گیندوں کے آگے ڈھیر ہوگئے، جس کے باعث میچ اپنے نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔

ادھر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ کو دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا پر 128 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

سندھ کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنالیے ہیں، اسد شفیق 9 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل سندھ کے 361 رنز کے جواب میں کے پی کی ٹیم 307 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

اسرار اللّٰہ نے 67، ریحان آفریدی نے 53 اور عثمان شنواری نے 49 رنز بنائے، عاشق علی نے 5 اور سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین